غیر متوقع موسم اور شدید برف باری کی وجہ سے ضلع ایبٹ آباد میں کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا

ہفتہ 13 فروری 2016 14:35

ایبٹ آباد۔ 13 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 فروری۔2016ء) غیر متوقع موسم اور شدید برف باری کی وجہ سے ضلع ایبٹ آباد میں کاروباری زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے فوری طور پر حفاظتی اقدامات اٹھاتے ہوئے ضلع کے متعلقہ محکموں بشمول سی اینڈ ڈبلیو، پی کے ایچ اے، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، کنٹونمنٹ اور ٹی ایم اے کے افسران کو طلب کر کے فوری احکامات کی ہدایت کی ہے۔

ان محکموں کے محدود وسائل، مشینری اور افرادی قوت کو استعمال میں لاتے ہوئے چھ ٹیموں پر مشتمل کمیٹی ترتیب دی جن کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد بحیثیت ڈی ڈی ایم او کریں گے۔ ان کمیٹیوں میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دوئم عباس علی بخاری کو مسلم آباد سے فوارہ چوک، سرکلر روڈ شملہ پہاڑی سے شیروان روڈ اور مری چوک سے مقدس ٹاور منڈیاں تک سڑک کلیئر کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر فرسٹ ایبٹ آباد امان الله سعید کو ایبٹ آباد کے اندرون شہر کا حصہ دیا گیا جن میں فوارہ چوک، کنج روڈ، جیل روڈ اور دیگر اندرونی سڑکیں شامل ہیں۔ عنصر محمود ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر III کو مری روڈ کو دھمتوڑ تک کلیئر کر نے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ تمام مین سڑکوں جن میں ایبٹ آباد مری روڈ، سول سٹیشن روڈ، ایبٹ آباد بوئی روڈ، ایبٹ آباد ٹھنڈیانی روڈ اور خانسپور روڈ کو ترجیحی بنیادوں پر کلیئر کر دیا گیا ہے جبکہ ایبٹ آباد شیروان روڈ، ٹھنڈیانی پٹن خورد روڈ، نتھیاگلی۔

بکوٹ روڈ، میرا رحمت خان روڈ، نملی روڈ اور حویلیاں چہڑ سجی کوٹ روڈ پر سی اینڈ ڈبلیو اور پی کے ایچ اے کی مشینری اور ٹیکنیکل سٹاف برف کو ہٹانے میں مصروف عمل ہیں۔ واپڈا نے 50 فیصد علاقے میں بجلی کی سپلائی بحال کر دی ہے اور باقی علاقوں میں جلد بجلی بحال کرنے کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔ تمام ضلع میں 95 فیصد ٹیلی فون لائنوں کو بحال کر دیا گیا ہے۔ تحصیل ریونیو ایجنسیز ایبٹ آباد اور حویلیاں کی رپورٹ کے مطابق کسی بڑے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، صرف کھمبے اور درخت گرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کے دفتر میں کرائسز مینجمنٹ سیل قائم کر دیا گیا ہے اور کسی بھی قسم کے نا گہانی حادثے سے نمٹنے کیلئے خصوصی ڈیوٹیز لگا دی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :