وفاقی وزراء آزادکشمیرمیں قتل و غارت کی سیاست کا بیج بوکر ریاست کو خون میں نہلاناچاہتے ہیں ، چودھر لطیف اکبر

ہفتہ 13 فروری 2016 15:01

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 فروری۔2016ء)پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے مرکزی سیکرٹری جنرل اوروزیرخزانہ ترقیات و منصوبہ بندی چوہدری لطیف اکبرنے نکیال میں پیپلزپارٹی کے کارکن چوہدری منشی کے قتل کی ذمہ داری وفاقی وزراء اور سابق وزیراعظم سردارسکندرحیات خان پر عائدکرتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی وزراء آزادکشمیرمیں قتل و غارت کی سیاست کا بیج بوکر ریاست کو خون میں نہلاناچاہتے ہیں جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی،ہم نے پہلے ہی کہہ دیاتھاکہ وفاقی وزراء آزادکشمیرمیں لاشوں کی سیاست کرناچاہتے ہیں۔

اور نکیال میں ہونیوالاقتل وفاقی وزراء اور سکندرحیات کی ایماء پر کیاگیاہے ۔ہم نہتے جیالوں کاخون کسی بھی قیمت پر معاف نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

نکیال واقعہ پر شدیدردعمل کااظہارکرتے ہوئے میڈیاسے گفتگوکے دران چوہدری لطیف اکبرنے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں ،ہماری قیادت نے اپنے خون سے اس ملک میں جمہوریت کی بنیادیں مستحکم کی ہیں‘آمریت کی پیداوار سیاسی جماعتیں اس طرح کے حالات پیداکرکے قوم کو کیاپیغام دیناچاہتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی پوری قیادت اپنے کارکنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم کارکنوں کوکسی بھی لمحہ تنہانہیں چھوڑسکتے ۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیرمیں وفاقی وزراء نے انتخابی عمل کو ہائی جیک کرنے اور اپنے مقصدکے نتائج حاصل کرنے کے لئے خون سے آلودہ سیاسی حکمت عملی اختیارکررکھی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اقتدارکے حصول کے لئے بے گناہ سیاسی کارکنوں کا خون بہانا مسلم لیگ ن نے اپناسیاسی وطیرہ بنالیاہے۔

تاہم بیس کیمپ کے اندر غیورعوام لاشوں کی سیاست کومستردکرتے ہیں اورآمدہ عام انتخابات میں بے گناہ کارکنوں کے خون سے ہاتھ آلودہ کرنیوالوں کا اپنے ووٹ کی پرچی کے زریعے سخت احتساب کریں گے۔انہوں نے کہاکہ واقعہ میں ملوث افرادکے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں جلدکیفرکردارتک پہنچایاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن جان لے کہ آزادکشمیرمیں لاٹھی گولی کی سرکاروالی سیاست نہیں چلے گی۔