مشتاق منہاس کی شمولیت سے جماعت مزید مضبوط ہو گی‘راجہ نہیب ٹھاکر

بدھ 2 مارچ 2016 13:54

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر کی مرکزی جنرل کونسل کے ممبر و امیدوار اسمبلی حلقہ ایل اے تھری میرپور راجہ نہیب ٹھاکرنے مشتاق منہاس کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہو ئے کہا کہ مشتاق منہاس کی شمولیت سے جماعت مزید مضبوط ہو گی۔ مشتاق منہاس نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ(ن) کے قیام میں اہم کردار ادا کیا میں ذاتی طور پر ان کے صحافتی کردار کامعترف ہوں ہمیں سوچنا چاہیے اور اس حوالے سے دیکھنا ہو گا کہ آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی اور خوشحالی کے پروگرام کو کس طرح عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر میں صحت کے حوالے سے جو پروگرام دیا ہے اس سے مجموعی طور پر16لاکھ افراد استفادہ کرینگے۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ممتاز صحافی اور سینئر اینکر پرسن مشتا ق منہاس کی مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر میں شمولیت کو خوش آمدید کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے راجہ وسیم ایڈووکیٹ ،راجہ طفیل،راجہ شاہ محمد نے بھی خطاب کیا۔ راجہ نہیب ٹھاکر نے کہا ہے کہ سیاست اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے بڑے بڑے عظیم لوگ صحافت سے سیاست کے میدان میں آئے اور انہوں نے قابل قدر کارہائے نمایاں انجام دئیے مجھے آج مشتاق منہاس کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت سے دلی سکون و اطمینان حاصل ہوا ہے۔

آج مجھے خوشی ہے ایک ایسا صحافی جو ایک بڑا نام اور مقام رکھتا ہے اس نے بہت سوچ سمجھ کر اور جائزہ لے کر یہ فیصلہ کیا کہ مسلم لیگ(ن) ہی واحد جماعت ہے جو پاکستان کو موجودہ مشکلات سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشتاق منہاس مسلم لیگ(ن) کیلئے بھی اثاثہ ہے ، سیاست اور پاکستان کیلئے بھی اثاثہ ہے۔ آج پاکستان کو محمد نواز شریف کے ویژن کی ضرورت ہے یہ میاں محمد نواز شریف کا ویژن تھا جسے گلگت و بلتستان کے لوگوں نے مسلم لیگ(ن) پر بھرپو ر اعتماد کا اظہار کیا اور گلگت و بلتستان میں پہلی مرتبہ میں مسلم لیگ(ن) کو کامیابی ملی۔

انہوں نے کہا کہ آمدہ الیکشن صاف و شفاف اور غیر جانبدار ہونگے یہ الیکشن 2011کے الیکشن کی طرح نہیں ہونگے جس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز، نادارا کے جعلی شناختی کارڈز استعمال ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخاب نئی فہرستوں پر آزادانہ اور منصفانہ ہونگے اور ہمیں لوگوں کا فیصلہ قبول ہوگا یہ لوگوں کا حق ہے کہ جس کو دل چاہے ووٹ دیں۔ راجہ نہیب ٹھاکر نے کہا کہ جس طر ح مسلم لیگ(ن) نے گلگت و بلتستان میں تعمیروترقی کا آغاز کر دیا ہے اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی تعمیرو ترقی کے نئے دو ر کا آغاز کرینگے۔ ہمیں میاں محمد نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں میاں محمد نواز شریف کے ہاتھ مضبوط ہونگے تو پاکستان مضبوط ہوگا-