جماعت اسلامی کے کارکن اتحادوں کے مخمصے سے نکل کر پوری قوت ،یکسوئی کیساتھ انتخابات کی تیار ی کریں،عبدالرشید ترابی

ہفتہ 12 مارچ 2016 15:06

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 مارچ۔2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیرعبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے کارکن اتحادوں کے مخمصے سے نکل کر پوری قوت اور یکسوئی کے ساتھ انتخابات کی تیار ی کریں جماعت اسلامی موثر پارلیمانی رول حاصل کر کے عوام کی خدمت کرے گی،عوام رابطہ مہم تیز کی جائے ووٹر فہرستوں میں ووٹر کا اندراج کروایا جائے اس مرحلے پر عوام کے ضمیر کو خریدنے کے لیے کوئی بڑے منصوبے کا اعلان کرتا ہے تو میرے نوٹس میں لایا جائے اسے نا اہل قرار دلوائیں گے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے دورہ کوٹلی کے دوران ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر امیر ضلع عبدالحمید چوہدری امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ کوٹلی شہر سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے ،عبدالرشید ترابی نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیر کونسل اور آزاد کشمیر حکومت کی ثوابیدادی فنڈز پر پابندی لگائیں تا کہ فری اینڈ فئیر انتخابات کا انعقاد ہو سکے ،انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تقاضا ہے کہ آزاد کشمیر میں مداخلت نہ کی جائے بلکہ عوام کو آزادانہ طریقے سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع دیا جائے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنی شاندار خدمات کے ساتھ میدان میں اتری ہے کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا جماعت اسلامی کے کارکن پورے اعتماد کے ساتھ تبدیلی کا ایجنڈا عوام کے سامنے رکھیں اور ان کو اپنے ساتھ شامل کر کے اپنی جیت کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ کرپشن ،ظلم ،نا انصافی،اقبرباپروری کے خاتمے کے لیے عوام کو موقع دیا جا رہا ہے کہ وہ ووٹ کی پر چی سے اس ظالم نظام اور اس کی محافظ قیادت سے نجات حاصل کریں ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سوا کسی کے پاس تبدیلی کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے جماعت اسلامی نے باکردار ،دیانتدار اور پڑھی لکھی قیادت میدان میں اتاری ہے عوام ان پر اعتماد کریں تو ان کے مسائل حل ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ بان متی کا کنبہ کوئی تبدیلی نہیں لا سکتا جن پارٹیوں کے اندر جمہوریت نہیں ہے وہ ریاست میں کیا جمہوریت لائیں گے جماعت اسلامی اسلامی اور جمہوری جماعت ہے عوام اس کا ساتھ دیں ،اس موقع پر انہوں نے کوٹلی کے حلقوں کا جائزہ لیا اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ دن رات ایک کریں اس نظام کو تبدیل کریں اور اپنی کامیابی کو یقینی بنائیں ۔