حکومت حالیہ بارشوں سے متاثرہ افراد کی امداد کرے،شیخ عقیل الرحمن

ہفتہ 26 مارچ 2016 16:22

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 مارچ۔2016ء) جماعت اسلامی آزادکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت حالیہ بارشوں سے متاثرہ افراد کی امداد کرے۔ لینڈسلائیڈنگ کے باعث متعدد افراد کے مکان تباہ ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے وہ کھلے آسمان تلے بے یارومددگار ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔حکومت فوری طور پر متاثرہ افراد کو معاوضہ جات دے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیا ن میں کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں کے باعث کئی افراد کی زمینیں بھی لینڈسلائیڈنگ کی زد میں آکر تباہ ہوچکی ہیں۔متاثرہ افراد کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔جابجا حالیہ بارشوں کے باعث نقصان ہوا ہے۔اس حوالے سے حکومت ڈیٹا اگھٹا کرے اور متاثرہ افر اد کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔حالیہ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے مزید بھی نقصان کا خدشہ ہے۔حکومت ان حالات سے بھی نمٹنے کے لئے پیشگی منصوبہ بندی کرے اور اس طرح کے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ نقصان سے بچاجاسکے۔