آزادکشمیر میں ایجوکیشن کے ذریعے معاشی انقلاب خواب تھا ،اقتدار میں آنے کے بعد تعبیریں دے رہے ہیں، چوہدری عبدالمجید

ہفتہ 2 اپریل 2016 16:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اپریل۔2016ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں ایجوکیشن کے ذریعے معاشی انقلاب میرا خواب تھا جس کوا قتدار میں آنے کے بعد تعبیریں دے رہے ہیں ۔ حکومت نے ساڑھے چار سالہ دور میں آزادکشمیر میں فنانشل ڈسپلن نافذ کرتے ہوئے تینوں سب ڈویژن میں میڈیکل کالجز قائم کیے ۔

پانچ یونیورسٹیاں قائم کی گی ۔خواتین کو ترقی کی دوڑ میں شامل کرنے کے لیے وویمن یونیورسٹی قائم کی گی ۔ مظفر آباد میں کیڈٹ کالج قائم کیا جا رہا ہے بھمبر اور پلندری میں زرعی یونیورسٹیاں قائم کی جا رہی ہیں ۔ ہم نے ایجوکیشن کو فوکس کر رکھا ہے آزادکشمیر کو ایجوکیشن اسٹیٹ میں بدلنے کے لیے اہم اقدامات اٹھائے ہیں ۔

(جاری ہے)

میرپور کھڑی شریف میں جامع الازہر کی طرز پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی قائم کی جا رہی ہے ۔

جلد بابا پیرا شاہ غازی اور حضرت میاں محمد بخش کی دھرتی پر ایسی عظیم اسلامی یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے جبکہ بہت جلد تارکین وطن اور متاثرین منگلا ڈیم کے شہر میرپور میں ملٹری کالج کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں تعلیمی اداروں کو اپ گریڈ کیا گیا جس سے آزادکشمیر کی عوام کو بلا تخصیص تعلیم کے مواقع فراہم ہوئے ہیں ۔

ہمارے تعلیمی کارنامے ہمارے مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہے اس لیے وہ ہمارے تعلیمی اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر یہاں کشمیر ہاؤس میں اسلامی یونیورسٹی میرپور کے قیام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر آزادکشمیر کے وزیر ہائیر ایجوکیشن محمد مطلوب انقلابی ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو و وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی ، مسٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن ، سیکرٹری ایجوکیشن چوہدری لیاقت ، سیکرٹری پی اینڈ ڈی منظور قادر ڈار اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں میرپور اسلامی یونیورسٹی کھڑی شریف کے حوالے سے متعدد اقدامات کا جائزہ کیا گیا ۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آزادکشمیر میں مزید ایجوکیشن انسیٹیٹوٹ قائم کریں گے اور آزادکشمیر کے تمام تعلیمی اداروں میں اسلامی نظام تعلیم اور نظریہ پاکستان کو لازمی قرار دیا گیا ہے آزادکشمیر میں یکساں نصاب تعلیم کے فروغ کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔

تعلیمی اداروں میں میرٹ کے تقدس نظم و ضبط اور معیار تعلیم پر کوئی کمپرو مائز نہیں ہو گا ۔ آزادکشمیر میں طلباء و طالبات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم دی جا رہی ہے تاکہ وہ دنیا کے جدید چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں تعلیم کی ترقی کے بغیر معاشی و اقتصادی ترقی کے خواب ادھورے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے آزادکشمیر میں بلا تخصیص تعلیم کو فروغ دیا جس کے باعث آزادکشمیر کے غریب لوگوں کو ان کی دیلیز پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع مل رہے ہیں انھوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیم کو فوکس کر رکھا ہے ۔

دریں اثنا ء وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدر ی عبدالمجید نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے انتہا پسند حکمران پاکستان میں معاشی و سیاسی عدم استحکام کے لیے سازشوں کے ذریعے نیو کلیر ایشیاء کے امن کو داؤ پر لگا رہے ہیں ۔ بین الاقوامی امن پسنددنیا بھارت کو نیوکلیر ایشیاء کا امن کو برباد کرنے سے باز رکھے وزیراعظم نے کہا کہ کہ بھارتی حکمرانوں کے تمام مذموم عزائم اور سازشش ناکام ہوں گی پاکستان اہل کشمیر کے عقیدے اور نظریہ کا حصہ ہے پاکستان کے استحکام کے لیے اہل کشمیر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے مقبوضہ کشمیر میں قابض و غاصب بھارت کے تمام بھارتی ہتھکنڈے ناکام ہوں گے بھارت طاقت کے بل بوتے پر تحریک تکمیل پاکستان کا راستہ اب نہیں روک سکتا۔