چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کا خالق آباد کے مقام پر ڈیم کنارے میرپور کوٹلی روڈ، میرپور بائی پاس روڈ کی متاثرہ سائٹ کا معائنہ، جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

منگلا ڈیم پاکستان اور آزادکشمیر کی معاشی واقتصادی ترقی کا قومی منصوبہ ہے ،حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے ، محمد جلال سکندر سلطان راجہ

ہفتہ 2 اپریل 2016 16:42

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اپریل۔2016ء)آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹری محمد جلال سکندر سلطان راجہ نے خالق آباد کے مقام پر ڈیم کنارے میرپور کوٹلی روڈ اور میرپور بائی پاس روڈ کے متاثرہ سائٹ کا معائنہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اس موقع پر واپڈا حکام نے چیف سیکرٹری کو خالق آباد اور میرپور بائی پاس روڈ کے متاثرہ حصہ کے بارے میں بریفنگ دی ۔

کمشنر میرپور ڈویژن راجہ امجد پرویز علی خان ،جنرل منیجر واپڈا منگلا غلام سرور میمن ،چیف انجینئر واپڈ اجاوید اختر ،ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال ،ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم ،اسسٹنٹ کمشنر راجہ قیصر اورنگزیب کے علاوہ واپڈا اور محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران بھی موجودتھے ۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری آزادکشمیر محمد جلال سکندر سلطان راجہ نے کہاکہ منگلا ڈیم پاکستان اور آزادکشمیر کی معاشی واقتصادی ترقی کا قومی منصوبہ ہے ۔

(جاری ہے)

جس کی حفاظت ہماری قومی ذمہ داری ہے ۔انھوں نے واپڈا کی طرف سے گزشتہ سال مون سون کی بارشوں کے دوران منگلا ڈیم کنارے خالق آباد میرپور کوٹلی سڑک کو پہنچنے والے نقصانات پر جاری کاموں کے معائنے کے دوران واپڈا احکام کو ہدایت کی کہ وہ سڑک کے متاثرہ حصہ پر کام کی رفتار کو بڑھانے کے لیے تین شفٹوں میں کام کریں جبکہ میرپور بائی پاس روڈ کو بھی اندر معیاد مکمل کیا جائے ۔

منصوبے کی تکمیل میں انٹرنیشنل کوالٹی کا ہر ممکن خیال رکھا جائے اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی یا لا پرواہی نہیں ہونی چایئے ۔خالق آباد ڈیم متاثرہ حصہ کو جڑی کس ڈیم کی طرز پر مکمل کیا جائے اس طرح منگلا ڈیم ریزنگ کے بعد دیگر کناروں کا بھی تفصیلی سے سروئے کیا جائے اور ڈیم کے کسی بھی متاثرہ حصہ کو پہنچنے والے نقصانات کا فوری ازالہ کیا جائے اس موقع پر جنرل منیجر واپڈا غلام سرور میمن نے آزادکشمیر کے چیف سیکرٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منگلا ڈیم ریزنگ منصوبہ کی تکمیل کے بعد منگلا ڈیم میں 1242لیول تک پانی بھر کر ٹیسٹ کرلیا گیا ہے منگلا ڈیم سو فیصد محفوظ ہے ۔

خالق آباد میرپور کوٹلی روڈ کو پہنچنے والے نقصانات کا بین الاقوامی طرز کا سروے کروا کر متاثرہ حصہ پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے انھوں نے بتایا کہ متاثرہ حصہ پر ڈیم کی سطح 1145لیول سے کام شروع کیا گیا ہے منگلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے سے متاثرہ حصہ پر جاری ترقیاتی کام متاثر نہیں ہو گا ۔اس موقع پر کمشنر امور منگلا ڈیم و میرپور ڈویژن راجہ امجد پرویز علی خان نے چیف سیکرٹری آزادکشمیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خالق آباد سڑک اور میرپور بائی پاس روڈ کی مرمتی کے سلسلہ میں واپڈا کے ساتھ ہفتہ وار میٹنگ میں جاری کاموں کی پراگرس کا جائزہ لیا جاتاہے ۔

خالق آباد متاثرہ حصہ کے بارے میں مسٹ یونیورسٹی اور آزادکشمیر کے محکمہ تعمیرات عامہ کے انجینئر ز سے بھی بھرپور مشاورت اور ٹیکنیکل رپورٹ حاصل کی گئی ہے ۔آزاد کشمیر کے چیف سیکرٹری محمد جلال سکندر سلطان راجہ نے بعدا زاں بائی پاس روڈ کے متاثرہ حصوں کا بھی معائنہ کیا اور واپڈا احکام کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی کام کو اندر معیاد مکمل کریں اور کوالٹی کا ہر ممکن خیال رکھا جائے ۔