انتخابی منشور کے مطابق عوام سے جوجووعدے کیے سب پورے کریں گے،چوہدری عبدالمجید

منگل 5 اپریل 2016 16:58

اسلام گڑھ /میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 اپریل۔2016ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ میرپورکوٹلی روڈ کی پختگی اور کشادگی کے کام پر11 اپریل سے کام شروع کیاجارہاہے۔ انتخابی منشور کے مطابق عوام سے جوجووعدے کیے وہ سب پورے کریں گے۔عوام نے ترقی وخوشحالی کے لیے جوجوخواب دیکھے ان سب کوتعبیریں دے رہے ہیں۔

آزادکشمیرمیں آمدہ انتخابات قواعد وضوابط کے مطابق منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ہونگے۔ حکومت شفاف انتخابات کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔ آزاد کشمیرکے انتخابات میں عوام کوحق رائے دیہی کے آزادانہ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ان انتخابات کوہائی جیک کرنے والوں کی تمام کوششیں ناکام بنادی جائیں گی۔

(جاری ہے)

آزادکشمیرمیں پیپلزپارٹی کی حکومت پارٹی لیڈرشپ کے ویژن کے مطابق آزادکشمیرمیں عوامی فلاح وبہبود کے ایجنڈے پرعمل پیراہے۔

پیپلزپارٹی عوامی طاقت کا نام ہے ۔ انتخابی میدان میں پیپلزپارٹی کاکوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔ آزادکشمیرکے عوام نے منفی سیاست کرنے والوں کومسترد کردیاہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن وفاقی وزراء کے ذریعے آزادکشمیرکوفتح کرنے کے تمام منصوبے دم توڑ جائیں گے۔ آزادکشمیرتحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے۔ یہاں کسی کوافراتفری پیداکرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

آزادکشمیرمیں عوام کے حقوق پرکبھی کمپرومائز نہیں کریں گے اور آزادکشمیرکاریاستی تشخص پامال نہیں ہونگے دیں گے۔ عوام کی غیرت کوکبھی نیلام نہیں ہونے دیں گے۔ آزادکشمیرمیں خرید وفروخت کے بازاربند کردیئے گئے ہیں۔ جعلی اعلانات اور سکیموں کے ذریعے آزاد کشمیر کے عوام کے ضمیر کو نہیں خریداجاسکتا۔ان خیالات کااظہارانھوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کے فرزند چوہدری قاسم مجید، مشیروزیراعظم راجہ نیازاحمد ، ایڈمنسٹریٹرضلع کونسل چوہدری مشتاق، ایڈمنسٹریٹرچکسواری چوہدری خالد حسین، میڈیا ایڈاوائزریاسر ممتازچوہدری ، وزیراعظم کے سٹاف آفیسرچوہدری محمو دعلی ، پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنما چوہدری علی شان، سابق چیئرمین ایم ڈی اے مرزا جاوید، ایڈمنسٹریٹر اسلام گڑھ عظیم بھٹی کے علاوہ دیگرافراد بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی عقیدے اور نظریے کی سیاست پریقین رکھتی ہے۔ خدمت خلق ہماراجز وایمان ہے۔ ہم نے عوامی ترقی وخوشحالی کے لیے میگاپراجیکٹس دیئے۔ آزادکشمیرکے استحصالی کلچرکاخاتمہ کیا اور عوام کوقبیلوں اوربرادریوں کی سیاست سے نجات دلائی۔ برادری ازم کی بنیاد پرسیاست کرنے والے آج بند گلی میں کھڑے ہیں۔ مسلم لیگ ن آزادکشمیرمیں ایکسپوز ہوچکی ہے ۔

مصنوعی بیساکھیوں کے ذریعے ن لیگ کواقتداردلانے کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہونگے۔ آزادکشمیرمیں پیپلزپارٹی کی حکومت نے جومیگاپراجیکٹس دیئے اس سے آزاد کشمیرکے عوام بلاتخصیص مستفید ہورہے ہیں۔ مذید میگاپراجیکٹس دے رہے ہیں۔ آزادکشمیرکے انتخابات میں پیپلزپارٹی کلین سویپ کرے گی اور اقتدار کاخواب دیکھنے والوں کے تمام منصوبے ناکام بنادیں گے۔

انھوں نے کہاکہ وفاقی وزراء آزادکشمیرمیں افرا تفری پیداکرکے بین الاقوامی دنیاکوکشمیرکے تشخص کے حوالے سے غلط پیغام دے رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان ہمارے نظریے اور عقیدے کاحصہ ہے۔ پاکستان کے لیے اہل کشمیرنے اپنی کئی نسلیں قربان کردی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے لیکن پاکستان میں موجودہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے ناعاقبت اندیش وزراء آزادکشمیرکے پرامن خطہ کو خراب کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ ہمارے ترقیاتی فنڈز روکے گئے اورمختلف طریقوں سے کشمیریوں کے تشخص کونقصان پہنچایاگیا۔ انھوں نے کہاکہ میں ریاست جموں وکشمیرکے عوام کے حقوق کامحافظ ہوں۔ کشمیری تشخص کادفاع کروں گا۔ کشمیریوں کی عزت ناموس کاسودا کرنے والے کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے۔

متعلقہ عنوان :