شہر کی خوبصورتی کو قبضہ مافیا اور تجاوزات نے متاثر کیا ہے‘تاجر اپنا سامان فٹ پاتھ پر نہ رکھیں‘فٹ پاتھ پر سامان رکھنے سے پیدل چلنے والوں کو دشواری کا سامنا ہے ٹریفک کے مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں

ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کارپوریشن خواجہ ساجد پہلوان کی صحافیوں سے بات چیت

جمعرات 7 اپریل 2016 15:29

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 اپریل۔2016ء) ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کارپوریشن خواجہ ساجد پہلوان نے کہاہے کہ شہر کی خوبصورتی کو قبضہ مافیا اور تجاوزات نے متاثر کیا ہے۔تاجر اپنا سامان فٹ پاتھ پر نہ رکھیں۔فٹ پاتھ پر سامان رکھنے سے جہاں پیدل چلنے والوں کو دشواری کا سامنا ہے وہاں ٹریفک کے مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں۔تاجر میونسپل کارپوریشن کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنا سامان فٹ پاتھوں پر نہ رکھیں ورنہ تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کرئینگے ۔

جانوروں کو کھلم کھلا سڑکوں پر چھوڑنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کرئینگے۔میرپور کی تعمیروترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کروں گا۔شہرکو صاف ستھرابنانے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کارلائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

میونسپل کارپوریشن کا عملہ خدمت خلق کے جذبہ کے تحت میرپور کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کرداراداکر رہا ہے ۔

پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت اور وزیر اعظم چودھری عبدالمجید کی سر پرستی میں شہر کی تعمیر وترقی کر رہے ہیں۔شہریوں کومجھ سے جو توقعات ہیں وہ پورا کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ خواجہ ساجد پہلوان نے کہا جانوروں کے مالکان اپنے جانور سڑکوں پر نہ آنے دیں اگر کوئی بھی جانور کھلے عام سڑکوں پر پایا گیا تو جرمانہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا اس سے حادثات بھی ہو سکتے ہیں اور شہر کی خوبصورتی بھی متاثر ہوتی ہے انہوں نے کہا دکاندار اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے فٹ پاتھوں پر سامان نہ رکھیں ۔اس سے پیدل چلنے والوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔