خیبر پختوانخواہ میں ووٹ حاصل کرنے کیلئے پلاٹ الاٹمنٹ کے کارڈ تقسیم کیے جا رہے ہیں ‘چیف الیکشن کمیشن نوٹس لیں

جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر و امیدوار قانون ساز اسمبلی ویلی 6نورالباری کی عوام رابطہ مہم کے دوران ہری پور،ایبٹ آباد،مانسہرہ،شنکیاری اور سلطان پور میں مہاجرین سے گفتگو

جمعہ 15 اپریل 2016 15:13

راولپنڈی،ہری پور،ایبٹ آباد،مانسہرہ ،شنکیاری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 اپریل۔2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے نائب امیر و امیدوار قانون ساز اسمبلی ویلی 6نورالباری نے کہا ہے کہ خیبر پختوانخواہ میں ووٹ حاصل کرنے کے لیے پلاٹ الاٹمنٹ کے کارڈ تقسیم کیے جا رہے ہیں چیف الیکشن کمیشن نوٹس لیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے عوام رابطہ مہم کے دوران ہری پور،ایبٹ آباد،مانسہرہ،شنکیاری اور سلطان پور میں مہاجرین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،نورالباری نے کہا کہ KPKمیں مہاجرین کے ضمیروں کو خریدنے کے لیے منڈیاں لگا دی گئی ہیں پلاٹوں کے کارڈ ز تقسیم کیے جار ہے ہیں اور ووٹروں سے وعدہ لیا جا رہا ہے جو ووٹ دے گا اسی کو کارڈ دیں گے،پلاٹوں کے سائز بھی کم کر دئیے گئے ہیں تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کے ضمیر خریدے جا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ مہاجرین ضمیر فروش نہیں ہیں وہ حق اور انصاف کی بنیاد پر تبدیلی کے لیے ووٹ دیں گے اور تبدیلی نوشتہ دیوار ہے اس موقع پر مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنما شبیر شاہ سمیت دیگر مہاجرین نے جماعت اسلامی میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور نورالباری کی مکمل حمایت کا اعلان کیا،نورالباری نے کامیاب دورہ کیا ۔