عوام نے مداریوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے پیپلزپارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان کردیاہے، سردار جاوید ایوب

جمعرات 21 اپریل 2016 13:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء)وزیرجنگلات سردار جاوید ایوب نے کہا کہ عوام نے مداریوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے پیپلزپارٹی کا ساتھ دینے کا اعلان کردیا ہے،حلقہ کوٹلہ کی عوام وعدوں اور دعوں کے بجائے حق اور میرٹ پر فیصلہ کریں گے، الیکشن میں روڑے (ن )لیگ اٹکا رہی ہے۔حکومت خود مقررہ وقت پر الیکشن کے خواہشمند ہے چیئرمین بلاول بھٹو کیخلاف میڈیا پراپیگنڈا برداشت نہیں کریں گے۔

روٹی ، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا اسے پورا بھی کیا کوٹلہ میں جو منصوبے باقی ہیں انشاء اللہ دوباہ الیکشن جیت کر پیپلزپارٹی حکومت میں پورے کرینگے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی سلطنت آف مسقط عمان کے صدر میر یونس کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سردار جاوید ایوب نے کہا کہ شہید بھٹو نے جو اعلان کیا تھا وہ آج بہت قریب ہے پوری دنیا میں پیپلزپارٹی کے جیالے اپنے مشن پر گامزن ہیں مسقط عمان میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو دیکھ محسوس ہوتا تھا کہ یہ دوسرا لاڑکانہ ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ عوام نے چہرے اور جماعتیں تبدیل کر کے مداریوں کی طرح عوام کو نچانے والوں کو مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کونسل کے فنڈزوفاق ن لیگ کو نہیں آزاد کشمیر حکومت کے حوالے کرے جو میرٹ پر تقسیم کریں ۔ انہو ں نے کہا کہ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر الیکشن میں تاخیر کی خواہش مند نہیں بلکہ ہر روز نئے نئے فارمولے دینے والے الیکشن میں تاخیر کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی خواہش ہے کہ الیکشن مقرروقت پر ہوں پیپلزپارٹی نے جو وعدے عوام کے ساتھ کیے ہیں وہ ان شاء اللہ پورے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے خلاف میڈیا کے اندر ٹرائل قابل مذمت ہے اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دینا جانتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سلطنت آ ف مسقط عمان میں فعال ہے تو اس کا سہرا میر یونس کو جاتا ہے جنہو ں نے اپنی محنت اور لگن سے پیپلزپارٹی کو محفوظ بنایا۔ انہو ں نے کہا کہ میر یونس میرے ساتھ زمانہ طالبعلمی کے دورسے پیپلزپارٹی کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ اور جلسے جلوسوں کے علاوہ پارٹی تقریبات میں بھی کام کرتے ہیں ان کی بے شمار قربانیاں پارٹی کے لیے ہیں جو کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔