چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کا ڈنہ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ جگہ کا دورہ

وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر مکمل تباہ گھر کامعاوضہ5 لاکھ ، جزوی متاثرہ مکان کا اڑھائی لاکھ روپے دینے کا اعلان

جمعرات 21 اپریل 2016 13:55

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء)چیف سیکرٹری آزادکشمیر سکندر سلطان راجہ نے ڈنہ کے مقام پر لینڈسلائیڈنگ سے متاثرہ جگہ کا دورہ کیااورمتاثرین کیلئے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر مکمل تباہ ہونے والے گھر کا5 لاکھ روپے معاوضہ اور جزوی متاثرہ مکان کا اڑھائی لاکھ روپے معاوضہ دیے جا نے کا اعلان کیا۔

متاثرین لینڈ سلائیڈنگ میں امدادی چیک بھی تقسیم کیے گئے ۔ اس موقع پر سیکرٹری ایس ڈی ایم اے ظہیر قریشی، کمشنر مظفرآباد چوہدری امتیازاور ضلعی انتظامیہ کے ذمہ داران بھی موجود تھے ۔چیف سیکرٹری نے متاثرین کی بستی میں پانی، بجلی اور واش رومز کی فوری فراہمی اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کو متاثرہ سڑک کی تعمیر کے لیے فی الفور پی سی ون بنا کر دینے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ متاثرین لینڈسلائیڈنگ کو ریلیف دی جائے گی اور نقصانات کا ازالہ کرتے ہوئے متبادل جگہ پر آباد کیا جائے گا اور متاثرین کو مکانات بنا کر دیں گے۔ چیف سیکرٹری آزادکشمیر سکندرسلطان راجہ کو ضلعی انتظامیہ نے لینڈ سلائیڈنگ اور امدادی کارروائیوں کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ سے113 مکانات مکمل تباہ جبکہ 79 جزوی متاثر ہوئے ہیں۔

سلائیڈ اگست2015 میں شروع ہوئی ۔ انہوں نے بتایا کہ 17 متاثرہ فیملیز کو لوکل گورنمنٹ کے دفاتر میں رکھا گیا ہے۔ 83خاندانوں کو رہائش فراہم کی گئیں اورسرکاری ریلیف کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ خیمہ بستی کے لیے متبادل اراضی مہیاکر دی ہے اور این جی اوز کو کام کرنے کی اجازت دیدی ہے اورریلیف کا کام مشاورت سے کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں نقصانات کا جائزہ متفقہ طورپر لے رہے ہیں۔متاثرہ جگہ کا جیالوجیکل سروے بھی کروایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خیمہ بستی کیلئے ایس ڈی ایم اے نے00 1 خیمے آرمی نے30 خیمے مہیا کیے ہیں۔ 120 فوڈ پیکیج آرمی جبکہ 60 الخدمت فاؤنڈیشن نے مہیا کیے ہیں۔1800 کنال رقبہ لینڈ سلائیڈنگ کی زد میںآ یا ہے جس میں سے 1100 زرعی اور 700 کنال غیر زرعی اراضی متاثر ہوئی ہے۔