شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی،میر واعظ عمر فاروق

ہفتہ 30 اپریل 2016 14:55

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 اپریل۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں اپنے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ محمد عمر فاروق نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جبر و استبداد سے نجات اور آزادی کے حصول کیلئے صبر و استقامت کے ساتھ خود کوتحریک آزادی کے راستے پر گامزن رکھیں۔ انہوں نے کہ عظم صمیم کے ذریعے سے ہی آزادی جیسی نعمت کا حصول ممکن ہوسکے گا جس کے لیے ڈوگرہ دور سے اب تک لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کشمیری شہداء کوشاندار خراج عقیدت پیش کیا جنہیں ڈوگرہ سپاہیوں نے ظالمانہ ٹیکس کے خلاف پر امن احتجاج کرنے پر سرینگر میں فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈوگرہ فوجیوں نے ہی1924میں سلک فیکٹری احتجاجی تحریک کے دوران 8، 13جولائی 1931 ء کو 22 نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے خلاف ظلم وجبر کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے اور محکموم قوم نے اب تک بے شمار سانحات دیکھے ہیں۔ میر واعظ نے کہا کہ کشمیری جموں کے ان لاکھوں شہداء کوفراموش نہیں کر سکتے جو ظلم و بربریت کی بھینٹ چڑھ گئے جبکہ حول ، کنن پوشپورہ ، خانیار، مائسمہ ، گاؤ کدل ، چھٹی سنگھ پورہ ، ہنڈواڑہ ، کپواڑہ ، بیج بہاڑہ ، سوپور اور دیگر علاقوں میں قتل و غارت کے سانحات مظالم کی منہ بولتی داستان ہے۔

میرواعظ نے کہا کہ مغلوں ، افغانوں ، سکھوں اورڈوگروں کے بعد اب گزشتہ 67برس سے بھارت کی طرف سے کشمیر میں ظلم وجبر اور ناانصافیوں کا سلسلہ جاری رہے۔ انہوں نے کہا نیشنل کانفرنس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اورمقبوضہ علاقے کی دیگر بھارت نواز جماعتیں 1947سے بھارت کی مدد گار بنی ہوئی ہیں اور وہ اس جبر و استبداد میں برابر کی شریک ہیں۔ میر واعظ نے کہا کہ بھارت کشمیری مسلمانوں کے مذہی فرائض کی ادائیگی پر پابندی ، کرفیو، نظر بندیوں ، خانہ تلاشیوں اور دیگر چیرہ دستیوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام ہوا ہے ۔

میر واعظ نے کہا کہ کشمیری اپنے عظیم شہداء کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ دریں اثنا جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان نے بھی ایک بیان میں 29اپریل1865 کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری کئی صدیوں سے ظلم وجبر کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے جبر وا ستبداد میں اْن جابر حکمرانوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جنہیں تاریخ میں مطلق العنان کے نام سے یا دکیا جاتا ہے۔