کشمیر ی عوام کسی صورت حق خود ارادیت سے دستبردار نہیں ہوسکتے ،جمعیت اہلحدیث مقبوضہ کشمیر

پیر 2 مئی 2016 16:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں جمعیت اہلحدیث نے کہا ہے کشمیر ی عوام کسی صورت میں حقِ خود ارادیت سے دستبردار نہیں ہوسکتے ہیں اور کوئی منصوبہ حقِ خود ارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتا ہے۔جمعیت اہلحدیث کے صدر پروفیسر غلام محمد بٹ نے سرینگر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام پاک بھارت مذاکرات کے خواہاں ہیں اور انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط روابط اور دوستانہ ماحول نہ صرف برصغیر بلکہ پورے جنوبِ ایشیا میں پائیدار امن کی ضمانت بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہاتاہم روابط اور مذاکرات اْسی صورت میں نتیجہ خیز ثابت ہوسکتے ہیں جب دونوں ممالک کشمیریوں کو مذاکراتی عمل میں شامل کریں گے اورکشمیری عوام کی آرزؤں اور اْمنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے عملی اقدامات کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کشمیری عوام پرجاری بھارتی مظالم اور سرکاری دہشت گردی پر شدیدتشویش کا اظہار کرتے ہوئے یہ سلسلہ فوری طور پربند کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانس ورلڈ مسلم یونیورسٹی کے حوالے سے بھارتی حکام کا ٹال مٹول معنی خیز ہے اوریہ بہت سارے سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ جمعیت کے صدر نے خبردار کیاکہ اس سے پہلے کہ کشمیری قوم کا پیمانہٴ صبر لبریز ہوجائے، بھارتی حکام اس راہ میں حائل رکاوٹیں دور کریں۔