بھارتی فورسز نے کولگام ،ملحقہ علاقوں میں لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، تحریک حریت جموں وکشمیر

پیر 2 مئی 2016 16:43

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مئی۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیرنے بھارتی فوج اور پولیس کی طرف سے کولگام اور اس سے ملحقہ علاقوں میں لوگوں کے گھروں پرمسلسل چھاپوں ، تلاشیوں اور نوجوانوں کو گرفتارکرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے ان علاقوں کے لوگوں کا چین وسکون چھین لیاہے۔

(جاری ہے)

تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر سے جاری بیان میں کہا کہ بھارتی فوج اور پولیس کی سپیشل ٹاسک فورس معصوم نوجوانوں کو گرفتار کرنے کیلئے کولگام کے علاقوں قیموہ، متل ہامہ، ڑڑر، کھریون، کھڈونی، گھاٹ، تاچھلو، ریڈونی، سنی گام اور بوگام میں لوگوں کے گھروں پرچھاپے ماررہی ہیں اور بزرگوں اور نوجوانوں کو ہراساں کیا جارہا ہے جبکہ چھاپوں کے دوران معصوم شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بھارتی فورسز نے ان علاقوں میں عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے اورشہریوں پر ظلم وستم اور بلاجواز تشدد کا سلسلہ بغیر کسی وقفے کے جاری ہے۔ترجمان نے کہا کہ نو جوانوں کو گھروں سے ہجرت کرنے پر مجبور کیاجارہاہے اور چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے۔