مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیریوں کی بے مثال قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا ‘انجینئر رشید

منگل 3 مئی 2016 13:29

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں عوامی اتحاد پارٹی کے صدر اور نام نہاد اسمبلی کے رکن انجینئر عبدالرشید نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے ان خیالات کا اظہار شہید کشمیریوں بلال احمد بٹ اور نصیر احمد پنڈت کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے کریم آباد پلوامہ کے دورے کے دوران لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا نہ صرف نریندر مودی بلکہ بھارت کا ہر حکمران ذمہ دار ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کو خود سوچنا چاہئے کہ جن لوگوں کو وہ دہشت گرد کہہ کر اپنے عوام اور عالمی برادری کو گمراہ کر رہا ہے کشمیری قوم اْن سے بے پناہ محبت کیوں کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مجاہدین کے طریقہ کار سے کسی کو اختلاف ہو سکتا ہے لیکن جس مقصد کے لئے اْنہوں نے سرفروشی کا راستہ اختیار کیا وہ اْنہی کی نہیں بلکہ ہر کشمیری کی منزل ہے۔

انہوں نے اس موقع پر سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ان قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا۔ انجینئر نے اس موقعے پر مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اْنکی کی مہم میں ہر طرح کا تعاون کرتے رہیں گے۔