آئندہ دو روز میں صوبہ کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ‘کاشتکار انتظامات مکمل رکھیں،محکمہ موسمیات

منگل 3 مئی 2016 18:14

لاہور۔3 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء ) محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آئندہ دو روز میں صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع بالخصوص شمالی اور مرکزی پنجاب میں مطلع ابر آلود رہے گا اور تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش کی توقع ہے علاوہ ازیں میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر آندھی چلنے کا بھی امکان ہے، پنجاب میں اس وقت گندم کی کٹائی و گہائی کا سلسلہ جاری ہے اس لیے محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گندم کی کٹائی کے دوران ریڈیو اور ٹیلی وژن پر نشر ہونے والی موسمی پیش گوئی پر توجہ دیں اور اس کے مطابق گندم کی کٹائی و گہائی کا انتظام کریں،بارش کی صورت میں فصل کی کٹائی بند کردیں، بارش کے باعث پیداوار کو نقصان سے محفوظ کرنے کے لیے کھیت میں کٹائی کے بعد بھریاں چھوٹی باندھیں اورسٹوں کا رخ اوپر کی طرف رکھیں،کھلواڑے اونچے کھیتوں میں لگائیں اور ان کے ارد گرد بارش کے پانی کے نکاس کا انتظام کریں، زرعی ماہرین کے مطابق گندم کی کٹائی ریپر یا کمبائن ہارویسٹر سے کریں تاکہ فصل زیادہ دیر تک کھیت میں نہ پڑی رہے اور بارش کی صورت میں پیداوار متاثر نہ ہو۔