کٹھ پتلی انتظامیہ حریت رہنماؤں اور نوجوانوں کے خلاف مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے ،میر واعظ

بدھ 4 مئی 2016 14:59

سرینگر04مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 مئی۔2016ء )مقبوضہ کشمیرمیں عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین میر واعظ عمرفاروق نے کہاہے کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط کٹھ پتلی انتظامیہ حریت رہنماؤں اور نوجوانوں کو دیوار کے ساتھ لگانے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتظامیہ سے کہاکہ کہ وہ آزادی پسند وں کو گھروں اور جیلوں میں نظربند کرنے کی بجائے سیاسی محاذ پر ان کا مقابلہ کرے ۔

اجلاس میں مقبوضہ کشمیرمیں کی موجودہ سیاسی صورتحال،بھارتی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پرجاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور 21مئی کو معروف آزادی پسندرہنماء میر واعظ مولوی محمد فاروق اور شہدائے حول کی شہادت کی برسیوں کے سلسلے میں منائے جانیوالے ہفتہ شہادت کے پروگرام کو حتمی شکل دی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہاگیا کہ ہفتہ شہادت کی تقریبات ایک منظم اور مربوط حکمت عملی کے ساتھ منائی جائیں گی۔

اجلاس میں میرواعظ مولوی محمد فاروق اور شہدائے حول کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاگیا کہ مولوی فاروق نے جس مقصدکے حصول کیلئے اِس تنظیم کی داغ بیل ڈالی تھی،اْسے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میںآ زادی پسند رہنماؤں خاص طور پر میرواعظ عمر فاروق کی پر امن سیاسی اور دینی سرگرمیوں پر پابندی کی شدید مذمت کی گئی ۔

اجلاس میں پارٹی کی ورکنگ کمیٹی کے اراکین، سرکردہ عہدیداروں اور ضلعی صدورنے شرکت کی ۔واضح رہے کہ میرواعظ مولوی محمد فارق کو 21مئی 1990ء کو نامعلوم مسلح افراد نے سرینگر میں فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔ بارہ سال بعد 2002ء میں اسی دن خواجہ عبدالغنی لون کو نامعلوم حملہ آوروں نے اس وقت شہید کردیا تھا جب وہ سرینگر میں مزار شہداء پر عوامی اجتماع سے خطاب کے بعد واپس جارہے تھے۔