کشمیر میں پنڈتوں کا خیر مقدم کرینگے ،علیحدہ بستیوں کا قیام کسی صورت قبول نہیں،شبیر احمد شاہ

جمعرات 5 مئی 2016 16:23

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء)کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ وہ پنڈتوں کی مقبوضہ وادی میں واپسی کے ہر گز خلاف نہیں ہیں کیونکہ وہ یہاں کے باشندے ہیں لیکن کشمیریوں کو ان کے لیے علیحدہ بستیوں کا قیام کسی صورت قبول نہیں ۔ شبیر احمد شاہ نے ایک بیان میں پنڈتوں کیلئے علیحدہ بستیوں کے قیام کو ریاستی تشخص کیلئے سازش قرار دیتے ہوئے کہاکہ بھارت کے فرقہ پرست عناصر پنڈتوں کی آڑ میں غیر ریاستی باشندوں کو کشمیر میں بسانے کی سازشیں کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہم وادی میں پنڈتوں کی واپسی کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن ہماری خواہش ہے کہ وہ ماضی کی طرح اپنی بستیوں میں زندگی گزاریں۔

(جاری ہے)

شبیر احمد شاہ نے بھارتی امور داخلہ کے وزیر مملکت کے پارلیمنٹ میں بیان کو شرانگیز اور ریاست کی سالمیت کے لئے گہری سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم کسی بھی صورت میں اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی حکومت پنڈتوں کی بازآبادکاری کے لئے جو بھی اقدامات کرے گی اس پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن اس کی آڑ میں کشمیرکے بھائی چارے پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی اور نہ ہی اسرائیلی طرز پر بستیوں کے قیام کی اجازت دی جائے گی ۔

انہوں نے بھارتی حکومت اور اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کو خبردار کیا کہ وہ آگ سے کھیلنے کی کوشش نہ کریں اور کشمیرمیں آبادی کے تناسب کوتبدیل کرنے کے اپنے گھناؤنے منصوبے سے باز رہیں ۔شبیر احمد شاہ نے پنڈت برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ سازشی عناصر کے جال میں نہ آئیں اور ماضی کی طرح اپنے مسلمان بھائیوں کیساتھ مل جل کررہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت برادری کویہ بات ذہن نشین کرنی چاہئے کہ الگ بستیوں میں رہنے سے دوریاں اور تلخیاں بڑھیں گی اوراس طرح فرقہ پرست قوتوں کو وادی میں من مانی کرنے کا موقع ملے گا ۔ انہوں نے عوام سے کشمیر کی ڈیموگرافی کیخلاف جاری سازشوں سے خبردار رہنے کی اپیل کی ۔