تحریک حریت کی طرف سے محمد اشرف صحرائی کی مسلسل نظربندی کی مذمت

منگل 10 مئی 2016 16:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 مئی۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے حریت رہنما ء اورتحریک حریت جموں وکشمیر کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی کو گزشتہ چار روزسے اپنے گھر میں نظربند رکھا ہے۔ تحریک حریت کے ترجما ن نے جاری بیان میں محمد اشرف صحرائی کو مسلسل نظربند رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد قابض انتظامیہ نے گرفتاریوں اور سرکاری دہشت گردی کی دیگر کارروائیوں میں تیزی لائی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ پنجگام پلوامہ میں بھارتی فوج کے ہاتھوں تین نوجوانوں کی شہادت کے روز محمد اشرف صحرائی کو نظربند کردیا گیا تاکہ انہیں شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے سے روکا جائے۔ تحریک حریت نے کہا کہ محبوبہ مفتی نے اپنے پیش رو مفتی سعید کے بھارتی مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے جموں و کشمیر کو جیل خانے میں تبدیل کردیا ہے اور آزادی پسندوں کی گرفتاریاں اور ان کے گھروں پر بھارتی پولیس کے چھاپے بھارت کی فرقہ پرست حکومت کی بنیادی پالیسی ہے۔ ترجمان نے گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ دھونس اور دباوٴ سے تحریکِ آزادی کو کمزور نہیں کیا جاسکتاہے ۔