اسلام رواداری ، احترام آدمیت کی تعلیم دیتا ہے ،میرواعظ عمر فاروق کا امام اعظم کانفرنس سے خطا ب

پیر 16 مئی 2016 16:24

سرینگر۔16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مئی۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں اپنے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے جموں وکشمیر کو مسلکی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کی سرزمین قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ اسلام رواداری اور احترام آدمیت کی تعلیم دیتا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ادارہ محسن عالمین انٹرنیشنل جموں وکشمیر کے زیر اہتمام سرینگر میں امام اعظم کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے علماء اور بزرگان دین کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔

انہوں نے کہاکہ یہ علمائے کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے منصبی فرائض کا احترام کرکے ایسے فروعی مسائل ابھارنے سے اجتناب کریں جو یہاں مسلکی منافرت کا باعث بن سکیں۔ میرواعظ نے نوجوان نسل کی کردار سازی کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہاکہ معاشرے میں بے راہ روی ، غیر اسلامی اور غیر انسانی رحجانات کی بڑی وجہ نوجوان نسل کی اسلامی تعلیمات سے دوری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اسلام زندگی کے ہر شعبہ میں مثبت رہنمائی کرنے والا دین ہے اور پیغمبر اسلام ہمارے لئے اسوہ حسنہ ہے اور اسی اسوہ کی اتباع کرتے ہوئے ہر دور میں ائمہ، علماء اور اولیائے کرام نے بنی نوع انسان کو نجات اور کامرانی سے ہمکنار کیا ہے۔ میرواعظ نے حضرت امام ابو حنیفہ کی تاریخ ساز فقہی اور علمی خدمات کو قیامت تک آنے والی نسلوں کیلئے مینارئہ نور قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام ابو حنفیہ اور دیگر ائمہ اور بزرگان دین نے اسلام کو سمجھنے اور سمجھانے میں اپنی پوری زندگی وقف کی اور آج ہمارے سامنے اسلام کے جو فقہی اور دینی مسائل رہنمائی کیلئے موجود ہیں، وہ ان ہی شخصیات کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

میرواعظ نے امام اعظم کانفرنس کے انعقاد پر محسن عالمین انٹر نیشنل کے منتظمین خاص طور پر مشتاق احمد ہمدانی اور میر بشیر احمد کنٹھ کو خراج تحسین پیش کیا۔