جموں وکشمیر فریڈم موومنٹ کے زیر اہتمام سیمینار ، مقررین کا مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پائیداربنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ

پیر 16 مئی 2016 16:24

جموں۔16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مئی۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر فریڈم موومنٹ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے کشمیریوں عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کو پائیداربنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں میں ”جنوبی ایشیاء میں امن وسلامتی وآپسی بھائی چارہ کیسے ممکن؟موجودہ دور کے حالات اور ہماری ذمہ داری“کے موضوع پرسیمینار میں خطے میں پائیدار امن کے قیام کے طریقوں کا جائزہ لیاگیا۔

سیمینار کی صدارت سردار جسپال سنگھ منگل نے کی جبکہ کشمیر ٹائمزکی چیئرمین انورادھا بھسین اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں۔ جموں وکشمیر فریڈم موومنٹ جموں کے چیئرمین محمد شریف سرتاج، تحریک کے سنیئر رہنما محمد اقبال ملک بھی ایوان صدارت میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

نظامت کے فرائض پروفیسر اسد اللہ وانی نے انجام دیئے جبکہ سمینار میں مختلف مکتب ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے دانشوروں، ماہرین تعلیم، سیاسی وسماجی شخصیات اوردیگرنے شرکت کی۔

انورادھا بھسین نے بھارت اور پاکستان کے درمیان ہتھیاروں کی ڈور پر تشویش ظاہر کی ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا بھرمیں اسوقت جموں وکشمیر سب سے خطرناک علاقہ بن گیا ہے۔جموں وکشمیر میں بھارتی فوج غیر ضروری اور غیر جمہوری طریقہ سے اپنے اختیار کا استعمال کر رہی ہے۔ بھارت ملٹری ڈاکٹرین پر عمل پیرا ہے جس سے یہ مسئلہ حل ہونے کے بجائے الجھتا ہی جارہا ہے، اس کو حل کرنے کیلئے ایک سٹیٹس مین کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر مسئلہ کے حل کیلئے کثیر جہتی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، رائے شماری کشمیریوں کابنیادی حق ہے جو انہیں ملنا چاہئے۔ پروفیسر دیدار سنگھ نے کہاکہ امریکہ اور دیگر قومیں مسئلہ کشمیر کا حل نہیں چاہتی ہیں کیونکہ حل طلب مسئلہ کشمیر کی وجہ سے وہ بھارت اور پاکستان دونوں کو اپنا اسلحہ فروخت کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس پالیسی کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیاں دوریاں اور کشیدگی بڑھ رہی ہے ۔

شرومنی اکالی دل کے لیڈر سر دار نریندر سنگھ خالصہ نے کہاکہ دنیا کو آج معیشت اور ماحولیات جیسے دو اہم مسائل کا سامنا ہے تاہم بھارت اور پاکستان مسئلہ کشمیر میں الجھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے اقوام متحدہ میں کشمیرمیں رائے شماری کرانے کا وعدہ کیا تھا جو آج تک پورا نہیں ہو سکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جموں اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں کے لوگ رائے شماری کے ذریعے اپنی خواہشات کا اظہار کرنا چاہتے ہیں ۔

اس موقع پر بھارت، بنگلہ دیش اورپاکستان م،یں پیپلز موومنٹ کی اکائی کے جنرل سیکریٹری رام سنگھ چوہان، آئی ڈی کھجوریہ ،کشمیر یونیورسٹی میں شعبہ اردو کے سابقہ سربراہ پروفیسر قدوس جاوید، سنتوش کھجوریہ، ہمت سنگھ،ریاستی ادبی کنج کے صدر شام طالب، سکھ دیو سنگھ، جموں وکشمیر اردو ادب کے صدر محمدامین بانہالی، شرومنی اکالی دل کے جنرل سیکرٹری گردیو سنگھ، جموں وکشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کے ضلع صدر پونچھ اشفاق احمد رانا، راج کمار چندن، مولاناعبدالقیوم کشتواڑی اوراکالی دل مان کے نیشنل نائب صدر جسپال سنگھ منگل نے بھی خطاب کیا ۔