اوڑی کے گاؤں چرونڈا میں بھارتی فوج کی بچھائی بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں 71کشمیری جاں بحق ہوچکے ہیں، وائس آف وکٹمز کی رپورٹ میں انکشاف

پیر 16 مئی 2016 16:25

سرینگر۔16 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مئی۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے نصب کی گئی بارودی سرنگوں کی وجہ سے اوڑی کے سرحدی گاؤں چرونڈا میں اب تک 71 کشمیری جاں بحق اور متعدد عمر بھر کیلئے معذورہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انسانی حقوق کی مقامی تنظیم وائس آف وکٹمزنے ایک رپورٹ انکشاف کیا ہے کہ اوڑی کے گاؤں چھرونڈاکنٹرول لائن کے بالکل قریب واقع ہے اور گاؤں میں داخل ہونے سے پہلے لوگوں کو اپنے شناختی کارڈ بھارتی فوج کی چوکی پر جمع کرانا پڑتے ہیں اور اگر یہاں مقیم 252 کنبوں میں سے کسی کے ہاں کوئی مہمان آئے تو اسے بھی رجسٹریشن کرانی پڑتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گاؤں کی مجموعی آبادی 1319 افراد پر مشتمل ہے لیکن ان میں سے بیشتر بارودی سرنگوں کے حادثات میں عمر بھر کیلئے معذورہو چکے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بارودی سرنگوں کے دھماکوں سے 71 افرادجاں بحق ہو گئے ہیں ۔وائس آف وکٹمزنے بھارتی فوج کی طرف سے بارودی سرنگوں کی تنصیب کو اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی طرف سے جاری کئے گئے ہدایت نامہ کی صریحاً خلاف ورزی قراردیا۔