ملک کے مختلف حصوں میں گرمی کا راج ‘ عوام شدید گر می میں لوڈ شیڈنگ کے دوہرے عذاب سے بلبلا اٹھے

ہفتہ 21 مئی 2016 12:15

اسلام آباد/لاہور/کراچی/ جیکب آباد/سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 مئی۔2016ء) ملک کے مختلف حصوں میں گرمی کا راج ‘ عوام شدید گر می میں لوڈ شیڈنگ کے دوہرے عذاب سے بلبلا اٹھے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت آج بھی برقرار رہے گی ، سورج آنکھیں دکھائے گا مگر گرمی کا زور رات ٹوٹ جائے گا ،موسم کی خبر دینے والے کہتے ہیں اتوار کی رات سے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ لاہور سمیت سینٹرل پنجاب میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری اور کم سے کم 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہو گا۔ تاہم ہلکی ہوا سارا دن چلتی رہے گی ، ہوا میں نمی کا تناسب صرف 26 فیصد تک رہ جائے گا جس سے موسم قدرے بہتر ہونے کا امکان ہے۔جبکہ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا ، کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں 10 سے 22 نات کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔دوسری طرف راولپنڈی اسلام آباد میں سورج آگ برسا رہا ہے، موسم کا حال بتانے والوں نے آج شام رات کو اسلام آباد ، فاٹا ، راولپنڈی، پشاور ، کوہاٹ، فیصل آباد، لاہور ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوٴں اور گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

صبح کے وقت جڑواں شہروں میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو دن میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی دادو اور جیکب آباد میں پڑی جہاں پارہ 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ، جبکہ سبی، لاڑکانہ، کوٹ ادو، تربت، سکھر50، موہنجوداڑو، رحیم یار خان، نورپورتھل، بہاولنگر، بہاولپور 49، پڈعیدن، بھکر، ڈی جی خان48، اوکاڑہ، شہید بینظیر آباد، روہڑی، ملتان، ڈی آئی خان، خانپور، کوہاٹ میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :