یاسین ملک کی ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین سے ملاقات

بدھ 25 مئی 2016 13:33

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے نئی صنعتی پالیسی ، بھارتی فوجیوں اور پنڈتوں کیلئے علیحدہ کالونیوں کی تعمیر اورجموں کے مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل وضع کرنے کی غرض سے مشاورتی عمل جاری رکھتے ہوئے سرینگر میں سرکاری ملازمین کے اتحاد ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین سے ملاقات کی۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لبریشن فرنٹ کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ ملاقات میں کمیٹی کے سربراہ عبدالقیوم وانی، جنرل سیکریٹری فاروق احمد ترالی اور دیگر قائدین کے علاوہ فرنٹ کے رہنماء ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ، شوکت احمد بخشی، نور محمد کلوال اور محمد یاسین بٹ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی اور طرفین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بھارت اوراسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کے نئے منصوبے جموں وکشمیر کے مستقبل کیلئے انتہائی خطرناک ہیں ،اسلئے ان کے خلاف متحد ہوکر مزاحمت کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔

یاسین ملک نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین کوان حالات و واقعات سے آگاہ کیا جو حالیہ ایام میں اس حوالے سے پیش آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کشمیریوں کیلئے کرو یا مرو کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے اور ہمیں اپنی شناخت،اپنی آزادی اور اپنے وجود کے بقاء کی خاطر ان منصوبوں کے خلاف صف آرا ہونا ہو گا۔