بھارت نے جموں وکشمیر کو ایک پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا ہے ‘نعیم خان

بدھ 25 مئی 2016 13:36

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 مئی۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اور جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمد خان نے کہاہے کہ بھارت نے جموں و کشمیر کو ایک پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا ہے جہاں جمہوری سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نعیم خان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی پولیس نے وادی چناب اور پیر پنچال خطے کو آزادی پسندلیڈرہنماؤں کیلئے ممنوعہ علاقہ قرار دیدیا ہے جو اس بات کی واضح دلیل ہے کہ مذکورہ خطوں میں مسلمان مخالف عناصر اپنے خطرناک ایجنڈے پر عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے واضح کیاکہ مقبوضہ علاقے کے تمام مسلمانوں کو وادی کشمیر کے عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے اور وہ فرقہ پرستوں کی کسی بھی مکروہ سازش کو ہرگز کامیاب نہیں ہو نے دیں گے اور انہیں ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کشمیر مخالف عناصر کو مسلمانوں کیخلاف زہر اُگلنے کی پوری آزادی حاصل ہے جبکہ امن پسند کشمیریوں کو محکموم سمجھا جارہا ہے۔

نعیم احمد خان کا کہنا تھا کہ جنونی ہندو عناصر مسلمانان جموں وکشمیر کو تقسیم کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں تاکہ وہ اپنے مکروہ منصوبے کو عملی جامہ پہنا سکیں۔انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ان عناصر کو بعض کشمیریوں کی بھی پشت پناہی حاصل ہے جن سے ان کے حوصلے بڑھ گئے ہیں۔ نعیم احمد خان نے کہاکہ مسلمان اور کشمیر مخالف عناصر کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ اپنا وطیرہ بدل دیں اور اپنی زبانوں کو لگام دیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو چاہئے کہ اپنے وظیفہ خور ایجنٹوں کو لگام دیکر کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کا سیاسی سطح پرمقابلہ کرے۔انہوں نے کہاکہ سیاسی طور سے بھارت کشمیریوں کی جد و جہد کے سامنے ہار چکا ہے اس لئے اب اُس نے فرقہ پرستی کا کارڈ استعمال کرنے کا آغاز کیا ہے تاکہ ہماری جائز اور برحق جد و جہد کو غلط نام دیا جاسکے۔ادھرجموں وکشمیر نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے ایک بیان میں نے بھارتی پولیس کی طرف سے نعیم احمدخان کو کشتواڑ کے علاقے چھترو جانے کی اجازت نہ دینے کی شدید مذمت کی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کی اس طرح کی ظالمانہ پالیسیوں سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال کا سخت نوٹس لیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی پولیس نے نعیم خان کو گذشتہ شام چھاترو کے مقام سے زبردستی واپس سرینگر جانے پر مجبور کیا۔