کشمیری اپنی صفوں میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں، دیویندر سنگھ

جمعہ 3 جون 2016 16:40

جموں ۔ 3 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 جون۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں وکشمیر سوشل پیش فورم کے چیئرمین دیویندر سنگھ نے مقبوضہ علاقے کی تمام برادریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی صفوں میں فرقہ ہم آہنگی کو برقرار رکھیں ۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دیویندر سنگھ نے پونچھ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ مقبوضہ علاقے میں صدیوں سے چلی آرہی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کے در پے پیں لیکن کشمیری ان کے مذموم منصوبوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہو ں نے کہا کہ کشمیری تنازعہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں جنکی خواہشات کے منافی تنازعہ کو حل ہرگز دیر پا ثابت نہیں ہوسکتا۔ دیویندر سنگھ نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو پاکستان، بھارت اور حقیقی کشمیری قیادت پر مشتمل سہ فریقی بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔