آزادکشمیرکوفتح کرنے کے وفاقی وزرا ء کے عزائم ناکام بنادیں گے

کشمیرکونسل کے فنڈز ن لیگ کواقتدار نہیں دلاسکتے ،چوہدری عبدالمجید

منگل 7 جون 2016 14:55

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 جون۔2016ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ آزادکشمیرکوفتح کرنے کے وفاقی وزرا ء کے عزائم ناکام بنادیں گے۔ کشمیرکونسل کے فنڈز ن لیگ کواقتدار نہیں دلاسکتے۔ وفاقی وزیرامورکشمیر کے ہوائی اعلانات عوام سے دھوکہ دہی ہے۔ وزیر امورکشمیر جعلی اعلانات سے عوام کوبے وقوف نہیں بناسکتے۔

وزیرامورکشمیراوروفاقی وزراء کاواویلا ن لیگ کوشکست سے نہیں بچاسکتا۔وزیر امورکشمیر کرپشن کے الزامات لگاکرپیپلزپارٹی کاراستہ نہیں روک سکتے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کرپشن کے بین الاقوامی سوداگروں کی سیاست ایکسپوز ہوچکی ہے۔ ن لیگ کی سیاست پانامہ لیکس کی نذرہوچکی ہے۔ ن لیگ مکمل ناکام لیگ بن چکی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزراء کی آزادکشمیر میں یلغار کاہم راستہ روکیں گے۔

آزادکشمیر میں خریدوفروخت کی منڈیاں قائم نہیں کرنے دیں گے اور نہ ہی کسی کوعوام کے حق رائے دہی پرڈاکہ ڈالنے دیں گے۔ پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔ اقتدارپرستوں کے ارمان ادھورے ہی رہیں گے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے وزیراعظم ہاؤس میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت سے وفانہ کرنے والے عوام سے کیا وفاکریں گے۔

پیپلزپارٹی سے بے وفائی کرنے والے ساری زندگی اقتدار کوترستے رہیں گے۔ آزادکشمیر میں عمران خان کے جلسے پتلی تماشاہیں۔ پی ٹی آئی آزادکشمیرمیں ایک سیٹ بھی نہیں لے سکتی۔ ن لیگ کو آزادکشمیر میں مصنوعی بیساکھیوں کے سہارے اقتدار کبھی نہیں مل سکتا۔ آزادکشمیر کے غیرت مند عوام نے ریاستی تشخص پامال کرنے والوں کی سیاست کومسترد کر دیا ہے۔

ہم آزادکشمیر کے عوام کے حقوق کے محافظ ہیں۔ عوامی حقوق پرکبھی کمپرومائز نہیں کریں گے۔ ریاست کا تشخص کبھی پامال نہیں ہونے دیں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ منفی سیاست کرنے والے پیپلزپارٹی سے خوفزدہ ہیں۔ بلاول بھٹو کے تاریخ ساز جلسوں نے سیاسی سوداگروں کوحواس باختہ کردیاہے۔ ہرجگہ ان کی چیخ وپکار سنائی دے رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ابھی تو ہم نے الیکشن کمپین شروع ہی نہیں کی ۔الیکشن کمپین شروع کرتے ہی ہم مخالفین کے ہوش اڑادیں گے۔ اقتدار کے خواب دیکھنے والوں کی سیاست ڈوب رہی ہے۔ اب ان کی ڈوبتی سیاست کوکوئی سہارانہیں دے سکے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پیشہ ورسیاستدان سیاسی میدان میں ہمارامقابلہ نہیں کرسکتے۔

متعلقہ عنوان :