تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں وفاقی وزراء کی طرف سے جھرلو ٹھپے کے ذریعے (ن) لیگ کو برسراقتدار لانے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہونے دینگے،چوہدری عبدالمجید

بدھ 8 جون 2016 16:44

چکسواری /میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جون ۔2016ء)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں وفاقی وزراء کی طرف سے جھرلو ٹھپے کے ذریعے ن لیگ کو برسراقتدار لانے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہونے دیں گے وفاقی وزراء کے تمام عزائم ناکام ہونگے ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ وفاقی وزراء تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں پر امن ماحول کو خراب کرنے سے باز رہیں اور آزادکشمیرمیں افرا تفری پیدا کرنے سے باز رہیں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر میں وفاقی وزراء کی سیاسی یلغار کو روکیں گے اور انتخابات میں ان کو اپنی اوقات یا د دلا دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کو گلگت بلتستان سمجھنے والے سخت غلطی پر ہیں ۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر میں گلگت بلتستان کی طرح کسی کو ڈرامہ سٹیج نہیں کرنے دیں گے۔ آزادکشمیر کے غیرت مند عوام نے وفاقی وزیر امور کشمیر اور دیگر وزراء کے جعلی اعلانات کو مسترد کردیا ہے ۔وزیراعظم نے کہاکہ وفاقی وزراء کے ہوائی اعلانات اور جعلی منصوبوں کے نام پر آزادکشمیر کے عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔

آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت عوامی فلاح وبہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے آزادکشمیر حکومت پر کرپشن کے من گھڑت الزامات عوامی تعمیر وترقی وخوشحالی کے ایجنڈے سے ڈی ٹریک نہیں کرسکتے۔آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومت انسانیت کی فلاح وبہبود اور آزادکشمیر کے عوام کی معاشی خوشحالی وترقی کو اپنے عقیدے ونظریے کا حصہ سمجھتی ہے۔ 2011 کے انتخابات کے بعد اقتدار میں آتے ہی عوامی ترقی وخوشحالی کے لیے میگا پراجیکٹس دیئے جس سے آزادکشمیر کے عوام بلا تخصیص علاقہ وبرادری مستفید ہورہے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے پارٹی منشور کو عملی جامہ پہناتے ہوئے جو میگا پراجیکٹس دیئے وہ تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں ان میگاپراجیکٹس سے آزادکشمیر کے عوام یکساں طور پر مستفید ہورہے ہیں اور دور دراز پسماندہ پہاڑی علاقوں کے عوام کو بھی شہر جیسی سہولیات میسر ہیں وزیراعظم آزادکشمیر یہاں پلاک پنیام ارنو میں مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کررہے تھے سابق چیئرمین چوہدری سوار خان، حاجی غلام رسول ،وزیراعظم کے میڈیا ایڈوائزر یاسر ممتاز، سٹاف آفیسر محمود علی اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے 5سال میں مشنری جذبے سے خدمت خلق اور انسانیت کی فلاح وبہبود کے لیے کام کیے آزادکشمیر کے عوام بڑے باشعور ہیں وہ کھرے اور کھوٹے کی پہچان رکھتے ہیں آزادکشمیر میں ماضی میں عوام کا استحصال کیا گیا عوام کے حقوق غصب کیے گئے اور قبیلوں و برادریوں کو مذہب کا درجہ دیا گیا جس سے تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ میں استحصالی کلچر نے جنم لیا اور آزادکشمیر کے عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہ ملا ۔

پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزادکشمیر سے برادریوں اور قبیلوں کے نیٹ ورک کو توڑا اور استحصالی کلچر کا خاتمہ کرتے ہوئے بنی نوع انسان کی خدمت کو اپنا ماٹو بنایا اور پانچ سال تک انتخابی منشور پر عمل کر کے دکھایا۔وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی غریب اور پسماندہ عوام کی جماعت ہے عوام ہی ہماری طاقت ہیں عوامی طاقت کے بل بوتے پر ہی ہم نے آزادکشمیر میں سیاسی کلبوں کی سیاست کو ختم کیا آزادکشمیر کو حقیقی معنوں میں تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنایا اور ہر پلیٹ فارم پر عوام کے حقوق کے تحفظ کی جنگ لڑی۔

دریں اثنا وزیراعظم آزادکشمیر نے مقبوضہ کشمیر میں حریت قائدین میر واعظ عمر فاروق ،سید علی گیلانی،یاسین ملک،سید شبیر شاہ اور دیگر قائدین کی گرفتاریوں اور حریت قیادت کی نقل وحرکت پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے آزادی پسند دنیا سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے قابض وغاصب حکمرانوں کو طاقت اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق غصب کرنے سے باز رکھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کرائے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلائے ۔وزیراعظم نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں ڈیموگرافک چینج کے بھارتی منصوبے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکمران کچھ بھی کرلیں وہ مقبوضہ کشمیر پر اپنا غیر قانونی تسلط برقرار نہیں رکھ سکتے۔بھارت کے قابض وغاصب حکمرانوں کو کشمیر خالی کرنا پڑے گا وزیراعظم نے کہاکہ کشمیری شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جاسکتا مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ تسلط برقرار رکھنے کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوں گے ۔