آزادی پسند رہنماؤں کی طرف سے قاضی نثار کو23ویں برسی پر خراج عقیدت

پیر 20 جون 2016 13:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 جون ۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمدیاسین ملک،انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن الموسوی الصفوی،محاذ آزادی کے صدر محمد اقبال میر، حریت رہنمامختار احمد واز اورجمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے ڈاکٹر قاضی نثار احمد کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ قاضی نثار ایک تاریخی شخصیت، بیباک عالم دین،سیاسی اور سماجی رہنماتھے جنہوں نے اپنی جدوجہداور دینی علم و فراست کی بنیاد پر تاریخ کشمیر میں ایک منفرد مقام حاصل کیاہے۔محمد اقبال میر نے کہا کہ ڈاکٹر قاضی نثار نے مختلف مکتب ہائے فکر کے لوگوں کو جمع کرکے ایک سوچ پیدا کرنے کیلئے کافی کام کیا جو ناقابل فراموش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کٹھ پتلی حکومت کی طرف سے ڈاکٹرقاضی نثار کی برسی کی تقریب پر پابندی عائد کرنے اور قاضی یاسر کی گرفتاری کی مذمت کی۔ آغا سید حسن نے بھی قاضی یاسر کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کو نظریات کی جنگ کہنے والوں نے کشمیری عوام کو آزادی اظہار کے حق سے بھی محروم کررکھا ہے۔ آغا حسن نے ڈاکٹر قاضی نثار احمد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف ایک شریعت شناس اور شریعت پرور عالم دین تھے ۔مولانا ریاض احمد ہمدانی نے کہاکہ قاضی نثار نے کمسنی میں ہی دین اسلام کی تبلیغ واشاعت میں کلیدی کردار ادا کیااوراہل سنت والجماعت کے مشن کے ساتھ ساتھ درالعلوم اور درسگاہیں تعمیر کروائیں جبکہ انہوں نے کئی دینی کتب بھی تحریر کی ہیں۔