بھارتی پولیس کے مظالم کے خلاف ڈوڈہ میں احتجاجی ہڑتال

بدھ 22 جون 2016 15:03

سرینگر ۔ 22 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔22 جون۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس کے مظالم کے خلاف ڈوڈہ میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گزشتہ شب مظاہرین پر بھارتی پولیس کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کے پر ڈوڈہ میں مکمل ہڑتال کی گئی اور ایک ریلی نکالی گئی ۔مظاہرین محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

(جاری ہے)

ہڑتال کی کال سیرت کمیٹی ڈوڈہ نے دی جس کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے بلاجواز طورپر مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ۔ ڈوڈہ قصبے کے مختلف علاقوں سے گزرنے والی ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے ۔ادھر انتظامیہ نے ضلع پونچھ میں موبائیل انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے ۔ ایک سرکاری اہلکار کے مطابق انتظامیہ کے فیصلے کے بعد بدھ صبح ضلع میں موبائیل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ۔ ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج جانی ویلیم نے انٹرنیٹ سروس کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی سیکورٹی کے خدشات کے پیش نظرکیاگیاہے۔