بھارتی پولیس کے مظالم کیخلاف ڈوڈہ میں احتجاجی ہڑتال

بدھ 22 جون 2016 16:29

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جون ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی پولیس کے مظالم کیخلاف ڈوڈہ میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب مظاہرین پر بھارتی پولیس کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کے پر ڈوڈہ میں مکمل ہڑتال کی گئی اور ایک ریلی نکالی گئی ۔مظاہرین محکمہ بجلی کیخلاف احتجاج کررہے تھے۔ ہڑتال کی کال سیرت کمیٹی ڈوڈہ نے دی جس کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے بلاجواز طورپر مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ۔

(جاری ہے)

ڈوڈہ قصبے کے مختلف علاقوں سے گزرنے والی ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور پولیس اور ضلعی انتظامیہ کیخلاف نعرے لگائے ۔ ادھر انتظامیہ نے ضلع پونچھ میں موبائیل انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے ۔ ایک سرکاری اہلکار کے مطابق انتظامیہ کے فیصلے کے بعد بدھ صبح ضلع میں موبائیل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ۔ ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج جانی ویلیم نے انٹرنیٹ سروس کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی سیکورٹی کے خدشات کے پیش نظرکیاگیاہے۔