قابض انتظامیہ سات ماہ کے بعد بھی کپواڑہ کے3لاپتہ شہری نوجوانوں کو بازیاب نہیں کراسکی

اتوار 26 جون 2016 14:11

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 جون۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ ضلع کپواڑہ میں 7ماہ قبل لاپتہ ہونے والے تین نوجوانوں غلام جیلانی کھٹانہ ، میر حسین کھٹانہ اور علی محمد شیخ کا پتہ لگانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تینوں عام شہری ہیں اوریہ گزشتہ سال 14نومبر کو لاپتہ ہو گئے تھے۔ پولیس نے اگرچہ اس سلسلے میں بھارتی فوج کے ایک اہلکار کو گرفتار بھی کرلیا تھالیکن بعد میں اس پر کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

نام نہاد اسمبلی میں ارکان اسمبلی نے کٹھ پتلی حکمرانوں کی توجہ اس معاملے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ آخر یہ نوجوان کہاں ہیں، انہیں زمین کھا گئی یا آسمان نگل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مژھل فرضی جھڑپ کا واقعہ بھی اسی طرح انجام دیا گیا تھا جس کے بعد وادی میں شدید احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔ انہوں نے قابض انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ان نوجوانوں کے بارے میں پتہ لگائے کہ وہ کہاں اور کس ایجنسی کے پاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کرالپورہ پولیس سٹیشن میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور پولیس نے ٹریٹوریل آرمی کے ایک اہلکار کو گرفتار بھی کرلیا تھا لیکن اس تحقیقات کا بعدمیں کیا ہوا کسی کو کچھ معلوم نہیں ہے۔