کٹھ پتلی حکومت حریت قیادت کا سیاسی طریقے سے مقابلہ کرنے میں ناکام ہو چکی ہے،کل جماعتی حریت کانفرنس

اتوار 26 جون 2016 16:17

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 جون ۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے حریت جنرل سیکریٹری شبیر احمد شاہ، معاون جنرل سیکریٹری غلام نبی سمجھی، فیاض احمد داس، شکیل احمد ایتو، عبدالحمید پرے، سبزار احمد ڈار، مشتاق احمد ہرہ، ادریس جان میر، غلام محی الدین عرف لالہ، ظہور احمد کمار اور دیگر حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی گھروں ، تھانوں اور جیلوں میں مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی اتحادی حکومت حریت قیادت کا سیاسی طریقے سے مقابلہ کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اس لیے وہ اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ان کی مبنی برحق آواز کو دبانا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ حریت قیادت اور عام کشمیری جبر و استبداد کے آگے کبھی سرنگوں نہیں ہونگے اور وہ بھارتی حکومت اور اسکی کٹھ پتلیوں کا ڈت کر مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آزادی پسند کے خلاف مظالم کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی فورسز آئے روز بیگناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیتی ہیں جبکہ نوجوانوں کو گرفتار کر کے تفتیشی مراکز میں پہنچا دیا جاتا ہے حتی ٰ کہ کم عمر کشمیری لڑکوں پر بھی کالا قانون پبلک سیفتٹی ایکٹ لاگو کر دیا جاتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ غلام نبی سمجھی کی صحت انتہائی ناسازگار ہے لیکن اسکے باوجود انہیں نظر بند رکھا گیا ہے اور انہیں ڈاکٹر کے پاس جانے کی بھی اجازت حاصل نہیں۔ ترجمان نے کٹھ پتلی انتظامیہ کے اوچھے ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے عبدالفطر سے قبل تمام کشمیری سیاسی نظر بندی کا مطالبہ کیا۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے تحریک حریت جموں وکشمیر کے رکن شیخ غلام محی الدین کے چھوٹے بھائی پروفیسر شیخ غلام قادر کی وفات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

سید علی گیلانی کی ہدایت پر محمداشرف صحرائی کی قیادت میں تحریک حریت کے ایک وفد نے کے پی روڈ اسلام آباد جاکر غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔۔ وفد میں محمد اشرف صحرائی کے علاوہ محمد یوسف مجاہد، ڈاکٹر غلام محمد گنائی، محمد امین، محمد شفیع ، غلام حسن خان اور عاشق حسین شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :