کراچی،فرقہ ورانہ ٹارگٹ کلنگ سمیت پولیس اہلکار وں کے قتل میں ملوث دہشتگرد گرفتار

جمعہ 1 جولائی 2016 11:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء ) کراچی پولیس نے میڈیا کارکنوں اور فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم کا دہشت گرد گرفتار کر لیا۔ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر کے مطابق فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی جس کے دوران کالعدم لشکر جھنگوی کا دہشت گرد سرفراز پکڑا گیا۔ گرفتار دہشت گرد فرقہ وارانہ قتل وغارت گری اور پولیس پر حملوں میں ملوث تھا۔

مقدس حیدر کا مزید کہنا تھا کہ ملزم سرفراز نے 2 سال قبل ساتھیوں کے ساتھ ملکر نجی ٹی وی چینل کی سیٹلائٹ وین پر حملہ کر کے 3کارکنوں کو قتل کیا تھا۔ ملزم کے 2 ساتھی پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ ملزم پولیس اہلکاروں سمیت بارہ افراد کے قتل میں ملوث ہے جبکہ ملزم کے دو ساتھی پہلے ہی پولیس کی تحویل میں ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملزم نے نارتھ ناظم آباد میں پولیس اہلکاروں، اورنگی ٹاوٴن میں پولیس کانسٹیبل کو زخمی بھی کیا، جبکہ ملزم نے نجی ٹی وی کے تین ایمپلائز کو بورڈ آفس کے قریب قتل کیا۔

ملزم محمد سرفراز کے دو ساتھی ثاقب اور صغیر پہلے ہی رضویہ پولیس کی تحویل میں ہیں۔ دوسری جانب نارتھ کراچی بابا موڑ کے قریب پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے، جبکہ شارع فیصل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرمنل سلمان عرف چیتا کو گرفتار کرلیا ۔