اٹوٹ انگ کی راگنی وقت کا زیاں ہے‘حریت رہنماء

پیر 4 جولائی 2016 13:32

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جولائی ۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں غلام نبی سمجھی اورغلام احمد گلزار نے کہاہے کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کے سیاسی، معاشی ،تہذیبی جمہوری اور انسانی حقوق کوسلب کررکھا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں جمعرات کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پلوامہ میں شہید ہونیوالے دو کشمیری نوجوانوں محمد ایوب لون اور منظور احمد کوزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ دونوں نوجوانوں نے ایک عظیم مقصد کے حصول کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کی سر زمین پر بھارتی تسلط اور جبر و استبداد کے خلاف کشمیری نوجوان شجاعت اور بہادری کی تاریخ رقم کر رہے ہیں اور نوجوانوں کا عسکری رد عمل کوئی شوق نہیں بلکہ ایک مجبوری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کی اٹوٹ انگ اٹوٹ انگ کی رٹ ، روایتی ضد اور ہٹ دھرمی پر اظہار افسوس کرتے ہوے کہا کہ ہماری تیسری نسل کا بحالت مجبوری عسکریت کے ساتھ وابستہ ہونا جوکہ بھارت کے لیے بھی نیک شگون نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسئلہ کشمیر کو پر امن مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے رائے شماری کے جمہوری فارمولے کو تسلیم کیا جائے اور اس ضمن میں بھارت پاکستان کی مثبت کوششوں کا احترام کرتے ہوے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کرنے کے لیے اپنے تاریخی وعدوں کو نبھائے۔ ادھر حریت رہنماء اور کشمیر فریڈم فرنٹ کے چیئرمین سید بشیر اندرابی نے کی قیادت میں ایک وفد منظور احمد ڈار کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پلوامہ کے علاقے گنڈی باغ گیا ۔ اس موقع پر انہوں نے ایک تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل پرزوردیا ۔ انہوں نے شہید کے اہلخانہ سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔