پیلٹ گن سے کشمیریوں کے جاں بحق یا زخمی ہونے بارے محبوبہ مفتی کا بیان سراسر جھوٹ ہے ‘حریت فورم

پیر 4 جولائی 2016 13:35

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں حریت فورم نے مقبوضہ علاقے میں مظاہرین پر مہلک پیلٹ گن کے استعمال سے لوگوں کے جاں بحق ہونے سے کٹھ پتلی وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے دعوے کو سراسرجھوٹ قرار دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے حال ہی میں نام نہاد اسمبلی میں ایک بیان میں کہاتھا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے پیلٹ گن کے استعمال سے صرف چھ افراد زخمی ہو ئے تھے جن میں دوافراد نے اپنی ایک آنکھ سے بینائی کھو دی تھی جبکہ کوئی بھی شخص جاں بحق یا نابینا نہیں ہو ا تھا ۔

حریت فورم کے لیگل سیل کے سربراہ عبدالمنان بخاری نے جو کشمیر رائٹس مانیٹرنگ سینٹر کے سربراہی بھی ہیں سرینگر میں ایک انٹرویو میں انسانوں پر پیلٹ گن کے استعمال کو انسانیت کے خلاف جرم اور بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کے پاس پیلٹ گن سے ذخمی ہونیوالے افراد کے درست اعدادو شمار ماجود ہیں اور کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ کابیان عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی ایک کوشش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے جرائم کو چھپانے اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو کشمیر میں جاری بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیوں سے بے خبر رکھنے کیلئے جھوٹ بول رہی ہیں۔ عبدالمنان بخاری نے جو”کشمیر سکارز آف پیلٹ گن“ کے مصنف بھی ہیں کہا کہ محبوبہ مفتی کا اس طرح کے بیانات دینے سے قبل کم از کم سرکاری اعداد و شمار اور حق اطلاعات کے تحت مختلف ہسپتالوں کی طرف سے جاری کی گئی دیگر متعلقہ رپورٹوں کا جائزہ لینا چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں خاص طورپرپر امن مظاہریں پر سب سے زیادہ پیلٹ گن کا استعمال کر رہی ہیں اوراسکے استعمال کی وجہ سے متعدد نوجوان اور طلباء شہید اور متعدد عمر بھر کیلئے بصارت سے محروم ہو چکے ہیں۔واضح رہے کہ کشمیر رائٹس مانیٹرنگ سینٹر کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹوں کے مطابق اس سلسلے میں سرکاری اعدادو میں گزشتہ سال کے دوران صرف دو سرکاری ہسپتالوں میں دو افراد بصارت سے محروم ہونے کے بارے میں بتایا گیا جبکہ اسی عرصے کے دوران 32افرادکی پیلٹ گن کی وجہ سے آنکھیں شدید زخمی ہوئی اور انکی بینائی متاثر ہو ئی ۔

متعلقہ عنوان :