مظفرآباد‘ پیپلزپارٹی کو حلقہ نمبر4 میں شدید سیاسی تنہائی کا سامنا

بدھ 13 جولائی 2016 14:32

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جولائی ۔2016ء)پاکستان پیپلزپارٹی کو حلقہ نمبر چار میں شدید سیاسی تنہائی کا سامنا۔لطیف اکبر کے متبادل امیدوار سردار اقبال احمد خان سینکڑوں ساتھیوں سمیت راجہ عبدالقیوم خان امیدوار مسلم لیگ ن کے حق میں دستبردار اور مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے ۔تھکیال برادری کا ن لیگ میں شامل ہونا لطیف اکبر کیلئے سیاسی موت سے کم نہیں ۔

مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ عبدالقیوم خان نے کہا کہ آج تیرہ جولائی ہے اور اس روز تحریک آزادی کشمیر میں جو تاریخ رقم ہوئی تھی اس کی تجدید کرتے ہوئے غیرت مند تھکیال ،سادات،شیخ ،کیانی ،راجپوت،اعوان اور دیگر برادریوں نے جس طرح رائے حق کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔

(جاری ہے)

یقیناً یہ نہ صرف حلقہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

بلکہ اس کے پورے آزادکشمیرکی سیاست پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اللہ کے فضل و کرم سے الیکشن جیت چکی ہے ۔اب 21تاریخ کو صرف رسمی کارروائی باقی رہ گئی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی ملک توڑنے والی اور مسلم لیگ ن ملک بنانے والی جماعت ہے ۔انہوں نے روٹی،کپڑا،مکان کا نعرہ لگا کر لوگوں کو دھوکہ دیا اور ان کا بدنما چہرہ سب پر عیاں ہو چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کہوٹہ واقعہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی آزادکشمیر میں کیا کرنا چاہتی ہے ۔ہم چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر لوگوں کی حفاظت کے موثر اقدامات کریں ۔اس موقع پر سردار اقبال احمد خان نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی سے 35سالہ رفاقت ختم کرنا آسان نہیں تھا ۔مگر محسن کش اور عوام کے حقوق کو پامال کرنے والے لوگوں کا یوم حساب قریب آچکا ہے اور آج ہم مسلم لیگ ن میں شامل ہو کر اس بات کا فخر محسوس کرتے ہیں کہ ہم نے صحیح فیصلے کا چناؤ کیا ۔

اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جاوید اختر اعوان ،گل مجید اعوان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمارے حقوق کا تحفظ نہیں کیا۔اور ہمارے ساتھ جو ناروا سلوک رکھا گیا یہ اسی کا ردعمل ہے کہ آج ہم اس مقام پر جا رہے ہیں کہ جہاں ہماری عزت نفس کو بحال رکھا جائے گا۔ پیپلز پارٹی چھوڑنے والوں میں لال حسین شاہ ،منور شاہ ،صادق شاہ ،سلیمان شاہ ،عمران شاہ ،حسین شاہ ،مہر دین شیخ ،محمد سلیم شیخ ،محمد حسن شیخ،پرویز ،شمریز ،راجہ لطیف ،ارشد خان ،حنیف خان ،مخدوم خان ،منیر احمد کیانی ،اقبال کیانی ،الف دین کیانی ،اشتیاق کیانی ،لقمان کیانی و دیگر سینکڑوں افراد شامل تھے ۔