چوہدری عبدالمجید نے انتخابات کے بعد پیدا صورتحال کے پیش نظر پارلیمانی پارٹی ،ٹکٹ ہولڈرز پر مشترکہ اجلاس کل طلب کرلیا

ہفتہ 23 جولائی 2016 15:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر وزیراعظم نو منتخب ممبرقانون ساز اسمبلی چوہدری عبدالمجید نے حالیہ انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر پارلیمانی پارٹی اور تمام ٹکٹ ہولڈرز پر مشترکہ اجلاس کل بروز اتوار ایوان وزیراعظم میں طلب کر لیا ہے اجلاس میں عام انتخابات میں پارٹی کی شکست کے اسباب پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور وفاقی حکومت کی طرف سے ہونے والی بے جا مداخلت اور سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کے شوائد اکٹھے کرکے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے پر مشاورت کی جائے گی جبکہ پری پول دھاندلی سمیت کھلم کھلا مداخلت پر الیکشن ٹریبونل میں انتخابی عذر داریاں دائر کرنے کے لیے وکلاء کے پینل پر مشتمل لیگل کمیٹیاں اور احتجاجی تحریک چلانے کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا یہ بات وزیراعظم ہاوٴس کے ترجمان شوکت جاوید میر کی طرف سے جاری ہونے والی پریس ریلیزمیں بتائی گئی انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی اور ٹکٹ ہولڈرز کے اہم اجلاس کے بعد مظفرآباد ڈویژن کی پارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کے جملہ عہدیداروں کارکنوں کا مشترکہ اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل وزیر خزانہ ترقیات منصوبہ بندی چوہدری لطیف اکبر کی صدارت میں ہوگا جس کے مہمان خصوصی پارٹی کے صدر وزیراعظم چوہدری عبدالمجید ہونگے شوکت جاوید نے کہا کہ پارٹی تنظیموں کے اجلاس میں حالیہ انتخابات کے علاوہ تنظیم سازی کے لیے کارکنوں کو اعتماد میں لیا جائے گا تاکہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے انقلابی افکار و نظریات سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی کثیر المقاصد منصوبہ بندی جواں سال چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پالیسیوں اور چیئر پرسن سیاسی امور محترمہ فریال تالپور کی قیادت میں جمہوریت کے استحکام تحریک آزادی کشمیر عوامی حاکمیت اور پارٹی کی نظریاتی بنیادوں پر استحکام کے لیے جملہ امور کو حتمی شکل دی جا سکے ۔