جنوبی کشمیر میں گھمبیر صورت حال کے لئے ریاستی انتظامیہ ذمہ دارہے‘مولانا محمد عبداللہ طاری

بدھ 27 جولائی 2016 12:34

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جولائی ۔2016ء) فریڈم پارٹی کے جنرل سیکریٹری مولانا محمد عبداللہ طاری نے جنوبی کشمیر میں اسلام آباد ،کلگام ،شوپیان ،پلوامہ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں فورسز کی جانب سے جبر و قہر ڈھانے اور پولیس کے ہاتھوں نوجوانوں کی گرفتاریوں کے لئے ریاستی حکومت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کشمیر کو خون میں نہلانے کے بعد بھی ریاستی تشدد میں کوئی کمی نظر نہیں آرہی ہے اور آج بھی پولیس شبانہ چھاپوں میں نوجوانوں کو گرفتار کرکے پولیس تھانوں میں ٹھونس رہی ہے ۔

مولانا طاری نے منگلوار کو جاری بیان میں کہا کہ جگہ جگہ بندشیں عائد کی جارہی ہیں اور لوگوں کو کرفیو اور پابندیوں کی ذد میں لاکرانہیں ایک دوسرے کے غم میں شریک ہونے اور شہید ہوئے گھرانوں کے ساتھ تعزیت پیش کرنے میں انتہائی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔

(جاری ہے)

مولانا طاری نے ریاستی انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کے خلاف ان کے نادرشاہی احکامات کے لئے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملازمین اسی سماج کا ایک اہم حصہ ہیں اورآزادی کی مانگ میں اپنے ہم سفر بھائیوں سے قطعاََ الگ نہیں ۔

انھوں نے HRAہاوس رینٹ الاونس سے متعلق کٹھ پتلی انتظامیہ کے تازہ احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا اس طرح ملازمین کو آزادی سے متعلق اُن کی جائز جدوجہد سے دور رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ایسا کبھی بھی ممکن نہیں کیونکہ مالی منفعت یا مادی فوائد کے لئے باضمیر لوگوں نے کبھی بھی اپنی گردن نہیں جکھائی ہے ۔ا پنے بیان میں مولانا طاری نے ریاستی عوام کو ایک دوسرے کے لئے ڈھال اور سہارا بننے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس طرح کے احکامات سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اور ہمیں کسی خوف یا لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ تحریک آزادی کے لئے خود کو وقف کرنا چاہئے۔

ادھر ترجمان کے مطابق پارٹی سے وابستہ اراکین و ضلع صدور ضلع اسلام آباد ،شوپیان،کلگام اور پلوامہ میں شہداء اور مضروبین کے گھر جاکر انہیں تعزیت پیش کررہے ہیں اور ان کی ڈھارس بندھارہے ہیں ۔اس سلسلے میں انجنئیر فاروق احمد خان کی قیادت میں ایک وفد جس میں شیخ ظہور احمد ،مولوی سجاد احمد ،اشفاق احمد کوتوال،شبیر احمد بابا،محمد عادل وگے ،ضلع صدر پلوامہ محمد امین کی قیادت میں تنویر احمد ،شیراز احمد ،بلال احمد،محمد عباس اور گلزار احمد نے اسلام آباد ،پلوامہ شوپیان میں کئی جلسوں سے خطاب کیا اور اپنے دورے کے دوران ہلر،شیخ تکیہ،کھرم،صوف شالی پورہ،کچھ پورہ،کاہگام،شوپیان،راجپورہ،پلوامہ،ترنج،موہن پورہ،چترگام،نکلورہ،ژڑس پلوامہ مہاراج پورہ،واوپورہ،ماگرے پورہ برنڈجن اور دیگر درجنوں علاقوں کا دورہ کرکے عوامی وفد سے ملاقات کی اور شہداء کے گھر جاکر انہیں تعزیت پیش کی ۔

متعلقہ عنوان :