مون سون کی بارشوں نے اسلام آباد ضلعی کچہری انتظامیہ کی نااہلی کا بھانڈ اپھوڑ دیا

جمعرات 28 جولائی 2016 16:44

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 جولائی۔2016ء) مون سون کی بارشوں نے اسلام آباد ضلعی کچہری انتظامیہ کی نااہلی کا بھانڈ اپھوڑ دیا۔ چند دن کی بارشوں سے اسلام آباد ضلع کچہری کی چھتیں ٹپکنے لگیں ۔ عارضی چھتیں اڑنے سے ہزاروں مقدمات کا ریکار ڈ ضائع ہونے کا خدشہ بڑھ گیا۔ تیزآندھی اور بارشوں سے ریکارڈ رومز کی عمارتوں کو بھی شدیدنقصان پہنچا۔

سیکورٹی کے لئے لگائے کیمرے بھی بارشوں کی نذد ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مون سون کی بارشوں نے جہاں وفاقی دارلحکومت اسلام آباد اور مضافات میں کچی آبادیاں کو نقصان پہنچایا ہے وہیں اسلام آباد ضلعی کچہری میں ریکارڈ رومز کی پرانی اور بوسیدہ عمارتوں کو بھی شدید خدشات لاحق کر دئیے ہیں۔ ریکارڈ رومز کی چھتیں ٹپکنے کے باعث ہزاروں کی تعداد میں اہم مقدمات کی فائلیں خراب ہو گئیں ہیں ۔

(جاری ہے)

ریکارڈ رومز کی عارضی لوہے کی چادروں سے بنا ئی گئی چھتوں کے ہواوٴں اور آندھی کے باعث اڑ جانے سے بھی نقصان میں اضافہ ہوا ہے ۔ مون سون بارشوں کی پیشگی اطلاع کے باوجود مناسب بندوبست نہ کرنے کی وجہ سے بارشوں کا پانی کمروں میں داخل ہو گیا اور کئی سال پرانے مقدمات کا ریکارڈ اب کسی کا م کا نہیں رہا،کمروں میں پانی داخل ہونے سے عدالتی عملہ بھی شدید پریشان ہے ۔

عدالتی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا ہے لیکن ریکارڈ کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا ہمارے پاس کو ئی مناسب بندوبست نہیں ہے ۔ ایسی کوئی مناسب جگہ نہیں کہ جہاں ریکارڈ کو منتقل کیاجا سکے۔ عدالتی عملے کا کہنا ہے بھی تھا کہ ریکارڈ رومزکے لئے بنائے گئے نئے کمروں میں بھی اتنی گنجائش نہیں ہے اور نہ ان کمروں کی حالت اچھی ہے ۔

ریکارڈ اتنا زیادہ ہے کہ نئے کمروں میں بھی جگہ نہیں ہے ۔ بارشوں نے جہاں ریکارڈ رومز اور فائیلوں کو نقصان پہنچایا ہے وہیں بارشوں اور تیز ہواوٴں کی زدمیں سیکورٹی کیلئے لگائے گئے کیمرے بھی آگئے ہیں ۔ اسلام آباد کچہری میں سیکورٹی کوفول پروف بنانے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی کیمرے بھی تیز ہواوٴں اور بارشوں سے خراب ہو گئے ہیں بلکہ متعدد کیمرے ٹوٹ کر گر گئے۔

جس کی وجہ سے اسلام آباد کچہری میں سیکورٹی کے معاملات بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بارشوں لکے باعث کچہری میں ہزاروں فائیلیں خراب ہو چکیں ہیں اور ان کا اب کوئی ریکارڈ موجود نہیں ۔ جس کی وجہ سے ہزاروں سائلین در بدر کی ٹھکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔ ایسے واقعات کے بار بار ونما ہونے کے باوجود انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی

متعلقہ عنوان :