رینجرزاختیارات:وفاقی وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی سمری مسترد کردی

رینجرزکواختیارات دینے کی سمری آئین کے آرٹیکل147سے مطابقت نہیں‌رکھتی،سندھ حکومت کی سمری معیار پر پورا نہیں‌ اترتی،سمری میں قانونی اورآئینی پیچیدگیاں‌ ہیں۔قانونی ماہرین۔۔صوبائی حکومت نے رینجرزکو پورے سندھ اختیارات نہ دیے تو وفاق رینجرز کو ازخود اختیارات دے گا۔ذرائع وزارت داخلہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 2 اگست 2016 17:30

رینجرزاختیارات:وفاقی وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی سمری مسترد کردی

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 اگست2016ء) :وفاقی وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کی رینجرزکواختیارات دینے کی سمری قانونی اعتراض لگا کر مسترد کردی ہے،رینجرز کو اختیارات دینے کی سمری آئین کے آرٹیکل147سے مطابقت نہیں‌رکھتی ہے۔ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی طرف سے رینجرز کو اختیارات دینے کی سمری وفاقی وزارت داخلہ کو موصول ہوئی تو قانونی ماہرین نے سمری کا جائزہ لیا کہ سمری میں رینجرز کو اختیارات صرف کراچی کی حد تک دیے گئے ہیں یا پورے سندھ میں رینجرز کو دہشتگردوں،بھتہ خوروں اورجرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کرنے کا اختیار دیا گیا ہے یا نہیں۔

تاہم سمری پر غور کرنے سے معلوم ہوا کہ سمری میں رینجرز کو دیے جانیوالے اختیارات آئین کے آرٹیکل147سے مطابقت نہیں رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت کی سمری معیار پر پورا نہیں‌ اترتی۔سمری میں قانونی اورآئینی پیچیدگیاں‌ ہیں۔ جس پر وزارت داخلہ نے ابتدائی طور پر سمری مسترد کردی ہے۔ذرائع کے مطابق وزرات داخلہ چاہتی ہے کہ رینجرز کو پورے سندھ کیلئے انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت اختیارات دیے جائیں تاکہ دہشتگردوں ،جرائم پیشہ افراداور ٹارگٹ کلرز کی گرفتاریاں عمل میں لائی جاسکیں اور آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزرات داخلہ نے رینجرز اختیارات سے متعلق صوبائی حکومت کی سمری مسترد کرتے ہوئے سندھ حکومت کو واپس کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ پورے سندھ کیلئے رینجرز اختیارات سے متعلق نئی سمری ارسال کرے ۔ ذرائع کا کہنا ہے ا گر صوبائی حکومت نے رینجرز اختیارات کا دائرہ کار پورے سندھ تک بڑھانے کی سمری ارسال نہ کی تو وفاق رینجرز کو ازخود اختیارات دے گا۔

متعلقہ عنوان :