احتساب عدالت نے خلاف میرٹ بھرتیوں کے الزام میں گرفتار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ہٹیاں بالاسمیت محکمہ تعلیم کے چاروں آفیسران کو ضمانت پر رہا کر دیا

بدھ 31 اگست 2016 16:07

چکوٹھی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے آبائی ضلع ہٹیاں بالا میں احتساب بیورو آزاد کشمیر کی جانب سے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں اکیس قاریوں کی تقرریوں کی میرٹ سے ہٹ کر بھرتیوں کے الزام میں گرفتار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ہٹیاں بالاسمیت محکمہ تعلیم کے چاروں آفیسران کو احتساب عدالت نے ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کر دیے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے احتساب بیورو آزاد کشمیر نے میرٹ سے ہٹ کر پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں مکتب معلمین کی تقرریوں کے الزام میں ڈی ای او ہٹیاں بالا گل زرین اعوان،ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر ارشد کاظمی ،اے ای او حلقہ پانچ راجہ وقار اور اے ای او حلقہ چھ لیاقت علی اعوان کو نو روز قبل گرفتار کر لیا تھا گذشتہ روز سینئر وکیل خواجہ عطاء اللہ چک نے محکمہ تعلیم کے چاروں آفیسران کی درخواست ضمانت احتساب عدالت میں پیش کی جس کے بعد احتساب عدالت کے جج طارق لون نے پانچ پانچ لاکھ کے مچلکوں پر چاروں آفیسران کی رہائی کا حکم دے دیا اس موقعہ پر سابق وزیر حکومت چوہدری رشید ،سابق چےئرمین وزیراعظم معائینہ و عملدرآمد کمشن صاحبزادہ اشفاق ظفر ،سابق مشیر مبشر منیر اعوان ،راجہ بشارت کے علاوہ درجنوں پیپلز پارٹی کے کارکن عدالت کے باہر موجود تھے رہائی کے حکم کے بعد پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنماء و سابق چےئر مین صاحبزادہ اشفاق ظفر نے صحافیوں سے گفتگو میں اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم کے چاروں آفیسران کی رہائی حق و سچ کی فتح ہے وزیراعظم آزاد کشمیر نے محکمہ تعلیم ضلع ہٹیاں بالا کے چاروں آفیسران کو ذاتی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے گرفتار کروایا تھا پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ضلع ہٹیاں بالامیں ہونے والی تمام تقرریاں میرٹ اور انصاف کے مطابق ہوئی ہیں اگر کوئی بھی تقرری میرٹ سے ہٹ کر ہوئی ہے تو اس کا فیصلہ معزز عدالت نے کر نا ہے راجہ فاروق حیدر کو یہ اختیار نہیں کہ وہ ذاتی پسند و ناپسند کی بنیاد پر فیصلہ کریں کہ کون میرٹ پر اور کون میرٹ کے بغیر بھرتی ہوئی ہے اشفاق ظفر نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر کی جانب سے ان ملازمین کی گرفتاری کے احکامات دینا قابل مذمت ہے فاروق حیدر اس طرح کی چھوٹی حرکتیں کر کے اپنے قد کاٹھ میں اضافہ کے بجائے کمی کر رہے ہیں اس طرح کے انتقام کی آزاد کشمیر کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی آج بھی اللہ نے ہمیں سرخرو کیا ہے انشاء اللہ آئندہ بھی ہم سرخرو ہوں گے اپنے لوگوں کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جنگ لڑی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :