انتخابات میں (ن) لیگ کو بھاری اکثریت سے کامیابی کرانے پر عوام کا شکرگزارہوں، راجہ محمد فاروق حیدر

ہفتہ 10 ستمبر 2016 14:12

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 ستمبر۔2016ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہاہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے حالیہ انتخابات میں وزیر اعظم پاکستا ن میاں نوازشریف کے ویژن کے مطابق مسلم لیگ ن کو بھاری اکثریت سے کامیابی دلائی اس پر آزاد کشمیر کے عوا م کے شکر گزار ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ انتخابات کے دوران عوام سے جو جو وعدے کیے گئے وہ پورے کیے جائیں گے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم ٹی ٹوینٹی میچ کھیلنے نہیں آئے ٹیسٹ میچ کھلیں گے۔ آزاد کشمیر میں جامع حکمت عملی کے تحت تعمیر و ترقی کا ایسا میکنزم اختیار کررہے ہیں جس سے آزاد کشمیر کے عوام نے حکومت سے توقعات وابستہ کر رکھیں ہیں وہ پوری ہونگی اور آزاد کشمیر فلاحی معاشرے کے ٹریک پر آجا ئے گا۔

(جاری ہے)

تین ماہ کے بعد سے آزاد کشمیر کے عوام خوشگوار معاشی تبدیلیاں محسوس کریں گے پانچ سال میں آزاد کشمیر تعمیر و ترقی کے ایسے ٹریک پر چلا جائے گا جہاں آزاد کشمیر کے عوام کو بلاتخصیص جدید سہولتیں مہیاہونگی اور آزاد کشمیر میں خوشحال معیشت کا دور دورہ ہو گا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی تحریک آزادی کشمیر ،گڈ گورننس اور آزاد کشمیر کی معاشی ترقی اور خوشحالی کو اپنی ترجیحات قرار دے کر منصوبہ بندی شروع کر دی ہے ،آزاد کشمیر سے استحصالی کلچر کا سد باب کریں گے اور آزاد کشمیر کو کرپشن فری سٹیٹ میں بدل دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالتے ہی اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر یہ عہد کیا ہے کہ ہمیشہ مظلوم اور انصاف کے ساتھ کھڑا رہوں گا ۔

کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دیں گے ۔ ماضی کی ناانصافیوں کا ازالہ کریں گے ۔ اصولوں پر کبھی کمپرومائز نہیں کریں گے ۔ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔ آزاد کشمیر کی ساری قیادت کی مشاورت سے تحریک آزادی کے بیس کیمپ سے ہر بین الاقوامی فورم کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے اور دنیا کو بھارت کا اصل روپ دکھا دیں گے جس نے ریاستی دہشتگردی کے ذریعے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق طاقت کے ذریعے غصب کر رکھے ہیں ۔

مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی کی تحریک کامیابیوں سے ہمکنار ہو کر رہے گی ۔ ا ب اس تحریک کا راستہ نہیں روکا جا سکتا ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر یہاں سابق ممبر کشمیر کونسل اور دھیر کوٹ سے سابق امیدوار اسمبلی راجہ افتخار ایوب کی قیادت میں سو رکنی وفد سے خطاب کررہے تھے ۔ بار کونسل کے سابق صد راجہ سجاداکرم ایڈووکیٹ ،مسلم لیگ ن کے نائب صدر ابرار خان عباسی اور دھیر کوٹ کے مقامی رہنماؤں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔

سابق امیدوار اسمبلی راجہ افتخار ایوب نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو حلقہ دھیر کوٹ کے جملہ معاملات و مسائل سے آگاہ کیا ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بعض معاملات کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کیے اور کہا کہ جہاں جہاں مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب نہیں ہو سکے ان حلقوں میں تعمیر و ترقی کے معاملات کیلئے ترجیحی اقدامات کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :