کشمیری تارکین وطن جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران اپنا احتجاج جاری رکھیں، شبیر احمد شاہ

اسلامی تعاون تنظیم اپنی سرگرمیاں قراردادوں تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات کرے، سیکرٹری جنرل حریت کانفرنس

پیر 19 ستمبر 2016 19:46

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19ستمبر ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چےئرمین شبیر احمد شاہ نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعظم پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں اقوام عالم کو جموں وکشمیر میں جاری قتل غارت سے آگاہ کریں گے اورکشمیریوں کو نسل کشی سے بچانے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زوردیں گے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں امید ظاہر کی کہ جنرل اسمبلی میں شریک سربراہان مملکت و حکومت جموں وکشمیر کی سنگین صورت حال کا نوٹس لیں گے اورتنازعہ کشمیر کاباعزت حل تلاش کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کشمیری تارکین وطن ، دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں ،مظلوم کشمیریوں کے ہمدروں اور انصاف پسند لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اقوام عالم کی توجہ تنازعہ کشمیر کی طرف مبذول کرانے کے لیے جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران دنیا بھر میں اپنا احتجاج جاری رکھیں اور بالخصوص اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے بھارتی نمائندے کے خطاب کے موقع پر اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کی تمام سیاسی اور دینی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے احتجاج کریں ۔ تاکہ اقوام عالم کے رہنماؤں تک یہ بات پہنچائی جائے کہ کس طرح بھارتی فوج نے گزشتہ70 سال سے اورباالخصوص گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران 100سے زائد نوجوانوں کو گولیوں اور پیلٹ گن سے شہیدکردیا،250 سے زائدکی بصارت چھین لی ،املاک کی توڑ پھوڑ کی اور12000سے زائدلوگوں کو زخمی کرکے عمر بھر کے لئے ناکارہ بنادیا۔

انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی سرگرمیاں صرف قراردادوں تک محدود نہ رکھے بلکہ بھارت پر دباؤ بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کرے اور دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاج کرے۔