بیرسٹر سلطان محمود کا نیویارک پہنچنے پر شاندار استقبال

بدھ 21 ستمبر 2016 17:02

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 ستمبر۔2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا اسلام آباد سے نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پہنچنے پرسینکڑوں کشمیریوں نے انکاشاندار استقبال کیا ۔ ان پر پھلوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔اس موقع پرائیرپورٹ پر نظام درہم برہم ہوگیاجس پر انہیں ایک جلوس کی صورت میں ائیرپورٹ سے باہر لایا گیا۔

اس موقع پر استقبالی ہجوم کے جلو س سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاہے کہ بھارت جسطرح مقبوضہ کشمیر اپنے عزائم کی تکمیل کے لئے حیلے بہانے کر کے پاکستان پر جنگ ٹھونسنا چاہتا ہے اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔ جب بھارتی وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرنے کے لئے آئے گی تو اس موقع پر نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے پاکستانی و کشمیری ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرکے بھارت کے اصل اور مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے اگرچہ ابھی تک تو خاموشی اور بے حسی کا مظاہرہ کیاہے لیکن آج جب وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں تو پوری قوم امید رکھتی ہے کہ وہ پوری قوم کے جذبات کی ترجمانی کریں گے جاندار انداز میں مسئلہ کشمیر کو اٹھائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اسلام آباد سے نیویارک کے جان ایف کینیڈیں ائیرپورٹ پہنچنے پر استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر استقبال کرنے والوں میں سابق ممبرکشمیر کونسل سردار سوار خان، قاضی مشتاق،چوہدری مدثر، سردار امتیاز خان، اکرم فہیم،افضل امین، سردار صابر، جاوید بوسٹن اور دیگر موجود تھے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اور بھارت حیلے بہانوں سے پاکستان پر جنگ ٹھونسنا چاہتا ہے ۔ لیکن ہم پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انھوں نے بھارت کی دوٹوک اور واضح الفاظ میں مزمت کی ہے۔

اس سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم یہاں امریکہ میں بسنے والے کشمیریوں اور پاکستانیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ 26 ستمبر کو مظاہرے میں بھرپور شرکت کرکے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر بھار ت کی مزمت کریں اور مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں عالمی سطح پر اٹھایا جائے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں یہاں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کو بھرپور انداز میں اٹھاؤں گا اور میں یہاں امریکی وزارت خارجہ میں بھی کشمیری عوام کا موقف پیش کرونگا۔مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگا ہوا ہے اور کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں لہذا عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم بند کرانے کے لئے اپنا کردارادا کرے۔

انھوں نے کہا کہ آج کی اقوام متحدہ میں تقریر پر نواز شریف کو بیس کروڑپاکستانیوں اور ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کے موقف کی ترجمانی کرتے ہوئے ایک جذباتی انداز میں بات کرنے چاہیے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پاک، بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں کے درمیان کوئی بھی چھوٹا یا بڑا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جو کہ پوری دنیا کے امن کے لئے خطرے کا باعث بن سکا ہے لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی اپنا کرداراداکرے اور بھارت کو اسکے جارحانہ اور مکروہ عزائم سے باز رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

متعلقہ عنوان :