کٹھ پتلی انتظامیہ کشمیریوں کو پرامن مظاہروں سے روکنے کیلئے آئے روزنت نئے حربے استعمال کررہی ہے ، حریت فورم

بھارتی مظالم کے باوجود جدوجہد آزادی کیساتھ عوام کا اظہار وابستگی اطمینان بخش ہے

پیر 26 ستمبر 2016 18:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 ستمبر - 2016ء) مقبوضہ کشمیر میں میرواعظ عمرفاروق کی زیرقیادت حریت فورم نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ کشمیریوں کواپنے جائز حقوق باالخصوص اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کے حصول کے لیے اور کرفیو ، پابندیوں اوردیگر انسانیت سوز مظالم کیخلاف پرامن مظاہروں سے روکنے کیلئے آئے روزنت نئے حربے استعمال کررہی ہے اوراب ہماری عبادتگاہوں ، مساجد ، خطیبوں ، اماموں اور متولیوں کی نجی اور دینی سرگرمیوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ اب تک کئی ائمہ حضرات کو گرفتار کیا گیا ہے اور اب کشتواڑ میں جہاں مسلسل کرفیو نافذ ہے ، ائمہ مساجد عبدالقیوم متو ، سیف الدین باغوان اور فردوس احمد باغوان کو بدنام زمانہ پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کٹھ پتلی حکمرانوں کو اپنی اسلام دشمنی اور غیر اخلاقی کاروائیوں سے باز آنے اور ائمہ حضرات کو فوری طور پررہا کرنے کا مطالبہ کیا ۔

انہوں نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے نائب صدر ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ اور محمد یاسین بٹ سمیت شبانہ چھاپوں کے دوران سینکڑوں نوجوانوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کٹھ پتلی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ قرار دیا ۔انہوں نے اسلامی تعاون کے وزرائے خارجہ کی جانب سے کشمیری عوام کے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کی بھرپورحمایت کرنے اور او آئی سی کے انسانی حقوق کمیشن کوکشمیر میں جاری بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں پررپورٹ تیار کرکے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت دینے پر ان کاشکریہ ادا کیا۔

ترجمان نے جموں میں مسلمانوں کی بستیوں کو تباہ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے جے پی اور پی ڈی پی کی مخلوط کٹھ پتلی حکومت جموں وکشمیر میں مسلم اکثریتی تناسب کو بگاڑنے کے منصوبے پر عملدرآمدکے لیے ایسے اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے مذموم منصوبوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔ترجمان نے کہا کہ وادی کشمیر، کرگل، دراس، چناب اور پیر پنچال خطوں میں بھارتی فورسز کے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے باوجود جدوجہد آزادی کے ساتھ عوام کا اظہار وابستگی نہ صرف اطمینان بخش بلکہ قابل تحسین ہے ۔

متعلقہ عنوان :