شبیر شاہ و دیگر حریت رہنماؤں و کارکنوں کی مسلسل گرفتاری کیخلاف بڈگام میں مظاہرہ

پیر 26 ستمبر 2016 18:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 ستمبر - 2016ء)مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل اور پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ سمیت حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی مسلسل گرفتاری کے خلاف ضلع بڈگام کے علاقے اومپورہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق احتجاجی مظاہرین شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کررہے تھے۔

مظاہرین بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگارہے تھے ۔مظاہرین نے کا کہناتھا کہ حریت رہنماؤں اور معصوم نوجوانوں کو بغیر کسی وجہ کے قیدو بند میں رکھنے سے یہ بات ظاہرہوتی ہے کہ جموں وکشمیر میں قانون اور اصول کے بجائے بھارتی فوج اورلاقانونیت کا راج ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوانوں کی اندھا دھند گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے دنیا کی انصاف پسند اقوام اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی طرف سے علاقے میں قانون و انصاف کی دھجیاں بکھیرنے کا نوٹس لیں ۔

پارٹی کارکنان کشمیر میں پُر امن سیاسی سرگرمیوں پرعائدپابندیاں ختم کرنے اور نوجوانوں کو شبانہ چھاپوں میں گرفتار کرنے کا سلسلہ بند کرنے مطالبہ کررہے تھے۔دریں اثناء حریت رہنما اور نیشنل فرنٹ کے چےئرمین نعیم احمد خان نے کشتواڑ میں لوگوں کی آواز کو دبانے کے لیے کرفیو کے مسلسل نفاذ اور ائمہ مساجد سمیت نوجوانوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کاروائیوں سے بھارت کا جمہوریت کادعو یٰ کھوکھلا ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے مظالم کی تمام حدود پار کرلی ہیں اور نوجوانوں کو گرفتار کرنا اور حریت پسند عوام کی جائیدادوں کو نقصان پہنچانا ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے تاکہ جدوجہد آزادی کو دبایا جاسکے۔