گورنمنٹ گرلز انٹر کالج چھتروہ ڈڈیال کا نتیجہ 8سال سے 100فیصد ہے

پرنسپل کی ادارہ کا رزلٹ 100فیصد آنے پر تمام سٹاف اورطالبات کے والدین کو مبارکباد

جمعہ 30 ستمبر 2016 13:10

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 ستمبر۔2016ء)پرنسپل گورنمنٹ گرلز انٹر کالج چھتروہ ڈڈیال محترمہ پروفیسر کلیدہ حیدر نے انٹرمیڈیٹ سال دوم2016 ء آزاد جموں وکشمیرتعلیمی بورڈ سے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے اور ادارہ کا رزلٹ 100فیصد آنے پر تمام سٹاف اورطالبات کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ کا سٹاف بہت محنتی ، فرض شناس اور دیانتدار ہے جس کی وجہ سے ادارہ کا رزلٹ گذشتہ 08 سال سے100 فیصد ہے۔

ادارہ نہ صرف نصابی سرگرمیوں بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی نمایاں پوزیشنز حاصل کر رہا ہے۔ ڈویژن کی سطح پر تقریری مقابلوں ، تلاوت نعت اور ٹیبلو کے پروگراموں میں باقاعدگی سے حصہ لیتا ہے اور ہر سال نمایاں پوزیشن حاصل کرتا ہے۔ گورنمنٹ گرلز انٹر کالج چھتروہڈویژن میرپور کا واحد ادارہ ہے جو کوالٹی آف ایجوکیشن کی بہتری کے لئے دن رات کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

چھتروہ ایک پسماندہ علاقہ ہے مگر یہاں کی مٹی بہت زرخیز ہے۔ ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ سازگار ماحول کی ضرورت ہے۔ یہاں کی طالبات نے غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لے کر اپنے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کیا ہے۔ریاست کی سطح پرکوئی بھی مقابلہ ہو تو ہماری طالبات شوق سے حصہ لیتی ہیں۔ انہوں نے چھتروہ کی عوام سے کہا ہ وہ اپنی بچیوں کوگرلز انٹر کالج چھتروہ میں داخل کروائیں ہم آپ کو مایوس نہیں کریں گے۔

پرائیویٹ ادارے جو تجارت کے نام پر کھلے ہوئے ہیں وہ اداروں کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں۔ گرلز انٹر کالج چھتروہ کا تعلیمی معیار بہت معیاری ہے اور اس ادارہ کے مقابلے میں پرائیویٹ تعلیمی اداراں کا معیار آٹے میں نمک کے مترادف ہے جس کا واضح ثبوت تعلیمی بورڈ کا 08 سال کا رزلٹ ہے۔