مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل 97ویں روز بھی مسلسل کرفیو اور ہڑتال جاری

گورنر ہائو س کی طرف (آج) مارچ کیا جائے گا

جمعرات 13 اکتوبر 2016 18:39

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں جمعرات کو مسلسل 97ویں روز بھی کرفیو ٬دیگر پابندیوں اور ہڑتال کی وجہ سے پوری وادی کشمیر میں معمولات زندگی معطل رہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر ٬ اسلام آباد اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوںمیں بھارتی فورسز کی طر ف سے مظاہرین پر پیلٹ گن سمیت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔

فورسز اہلکاروںنے جنوبی کشمیر میںحریت رہنمائوں مختار احمد وازہ ٬ محمد یوسف فلاحی اور مولوی رفیق کے گھروں پر چھاپے مارے ٬ مکینوں کو ہراساں کیا اور توڑ پھوڑ کی ۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی ٬ میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میںاحتجاجی کلینڈر میں 20اکتوبر تک توسیع کردی ہے۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر کے تمام علاقوں سے (آج) جمعہ کی صبح سرینگر میںگورنر ہاوس کی طرف ایک مارچ کیا جائے گا اور گورنر کو جموں و کشمیر سے چلے جانے کے بارے میں ایک مراسلہ پیش کیا جائے گا۔ مارچ کے شرکاء ڈلگیٹ ٬بلیوارڈ ٬شالیمار روڑز پر نماز جمعہ ادا کریں گے ۔ بارہمولہ سب جیل میںغیر قانونی طورپر نظربند دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی صحت تیزی سے گررہی ہے ۔

دختران ملت نے سرینگر میں ایک بیان میں کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آسیہ اندرابی کی صحت کیلئے دعا کریں۔ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے ایک بیان میں ہندو انتہا پسند جماعت راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کی طرف سے جموں میں نکالی جانے والی ریلیوں پر سخت تشویش ظٖاہر کی ہے۔ تنظیم نے اس اقدام کو مقبوضہ علاقے میں علاقائی منافرت اور فرقہ واریت پھیلانے کا مذموم اقدام قرار دیا۔

کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سرینگر میں اپنی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری منظم نسل کو روکنے کیلئے کردار ادا کرے۔ اسلام آباد میں میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے دفتر میں کشمیری شہداء خاص طور پر گزشتہ تین ماہ کے دوران شہید ہونے والوں کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔ ادھرکانگریس کے رہنما ڈگوجے سنگھ نے اپنے ٹیوٹرپیغامات میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے انہیں جنگی جنون قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی اگلے انتخابات جیتے کیلئے پاکستان کے ساتھ جنگی صورتحال پیداکر رہے ہیں۔